ہوم » نیوز » اسپورٹس

ہندوستان بنام جنوبی آفریقہ : مینک کی مسلسل دوسری سنچری سے ہندوستان مضبوط

اوپنر مینک اگروال (108) کی مسلسل دوسری سنچری سے ہندوستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن جمعرات کو تین وکٹ پر 273 رنز بنا کر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی۔

  • Share this:
ہندوستان بنام جنوبی آفریقہ :  مینک کی مسلسل دوسری سنچری سے ہندوستان مضبوط
مینک اگروال۔(تصویر:اے پی)۔

اوپنر مینک اگروال (108) کی مسلسل دوسری سنچری سے ہندوستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن جمعرات کو تین وکٹ پر 273 رنز بنا کر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی۔مینک نے وشاکھاپٹنم میں پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ڈبل سنچری (215) بنائی تھی اور اب انہوں نے 108 رنز بنا ڈالے۔ مینک نے 195 گیندوں پر 108 رنز کی اننگز میں 16 چوکے اور دو چھکے لگائے۔ مینک نے اس طرح سابق ہندستانی اوپنر وریندر سہواگ کے ریکارڈ کی برابری کر لی جنہوں نے 2009-10 میں جنوبی افریقہ کے خلاف مسلسل دو ٹسٹ میچوں میں دو سنچری بنائی تھیں ۔


پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری بنانے والے روہت شرما اس وقت 35 گیندوں میں 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ چتیشور پجارا نے 112 گیندوں میں نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔ پہلے دن کا کھیل 85.1 اوور پر ختم کیا گیا۔اسٹمپ پر کپتان وراٹ کوہلی 105 گیندوں میں 10 چوکوں کی مدد سے 63 رنز اور اجنکیا رہانے 70 گیندوں میں تین چوکوں کے سہارے 18 رن بنا کر کریز پر تھے۔ وراٹ نے اپنے کیریئر کی 23 ویں نصف سنچری بنائی جبکہ پجارا نے اپنی 22 ویں نصف سنچری بنائی۔


مینک اگروال۔(تصویر:اے پی)۔
مینک اگروال۔(تصویر:اے پی)۔


ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی نے صبح ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ مسلسل دو سنچری بنانے کے بعد میدان پر اترے روہت بڑی اننگز تو نہیں کھیل پائے لیکن انہوں نے جنوبی افریقہ کے تیز گیند بازوں کو شروع میں حاوی نہیں ہونے دیا۔ روہت نے 35 گیندیں کھیلیں اور 14 رنز میں ایک چوکا لگایا۔روہت کا وکٹ 10 ویں اوور کی آخری گیند پر گرا اور كیگسو ربادا نے انہیں وکٹ کیپر كوئنٹن ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ ہندستان نے پہلا وکٹ 25 کے اسکور پر گنوایا۔ میدان پر اترے پجارا نے مینک کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 138 رن کی مضبوط شراکت کی۔

دونوں نے لنچ تک ہندستان کا اسکور 77 رن پہنچایا۔ مینک نے لنچ کے بعد اپنے 50 رن 112 گیندوں میں پورے کئے جس میں انہوں نے 10 چوکے لگائے۔ وشاکھاپٹنم ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 81 رن بنانے والے پجارا نے 107 گیندوں میں اپنے 50 رن پورے کئے جس میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔پجارا کا وکٹ چائے کے وقفہ سے ٹھیک پہلے گرا۔ پجارا کو ربادا نے فاف ڈو پلیسس کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ پجارا کا وکٹ 163 کے اسکور پر گرا اور چائے کے وقفہ کے وقت ہندستان کا اسکور 168 رنز تھا۔ مینک 86 رنز بنا چکے تھے اور اپنی دوسری سنچری کی طرف گامزن تھے۔

 روہت شرما اور چتیشور پجارا۔(تصویر:اے پی)۔
روہت شرما اور چتیشور پجارا۔(تصویر:اے پی)۔


مینک نے چائے کے وقفہ کے بعد اننگز کے 57 ویں اوور میں ورنون فلینڈر کی گیند پر چوکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کر لی۔ انہوں نے اپنا بیٹ اٹھا کر ناظرین کی داد کا جواب دیا جبکہ کپتان وراٹ نے ان کی پیٹھ تھپتھپا کر اس شاندار کارکردگی کی مبارک باد دی۔مینک اپنی سنچری مکمل کرنے کے بعد ٹیم کے 198 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ مینک کا وکٹ بھی ربادا نے ہی لیا۔ مینک نے 108 رنز بنائے اور وراٹ کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 35 رن کی ساجھےداری کی۔ وراٹ نے پھر رہانے کے ساتھ چوتھے وکٹ کی ناٹ آوٹ شراکت میں 75 رن جوڑ کر ہندستان کو مضبوط اسکور کی جانب گامزن کر دیا۔
وراٹ نے فلینڈر کی گیند پر ہی چوکا لگا کر اپنی 23 ویں نصف سنچری مکمل کی۔

انہوں نے 50 رن کے لئے 91 گیندیں کھیلی جس میں آٹھ چوکے شامل تھے۔ وراٹ کا مضبوطی سے رہانے نے ساتھ دیا جو اب تک 18 رنز کے لئے 70 گیندیں کھیل چکے ہیں۔ پہلے دن کا کھیل خراب روشنی کی وجہ سے 85.1 اوور کے بعد ختم کر دیا گیا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے ربادا واحد کامیاب گیند باز رہے جنہوں نے 18.1 اوور میں 48 رن دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ جنوبی افریقہ نے چھ گیندبازوں کا استعمال کیا جس میں کامیابی صرف ربادا کے ہاتھ لگی۔

مسلسل دو میچوں میں سنچری بنانا خوشگوار: مینک

جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن سنچری بنانے والے ہندستانی اوپنر مینک اگروال نے جمعرات کو کہا کہ سیریز کے مسلسل دو مقابلوں میں سنچری بنانا ان کے لئے انتہائی خوشگوار تجربہ ہے۔مینک نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 108 رنز بنائے جس کی بدولت ہندستانی ٹیم مضبوط پوزیشن میں پہنچ سکی۔

مینک نے میچ کے بعد کہاکہ مجھے بہت خوشی ہے کہ میں مسلسل دو میچوں میں دو سنچری لگا پایا اور اس سے مجھے کافی خوشگوار تجربہ ہو رہا ہے۔ ٹیم اچھی پوزیشن میں ہے۔ ہم نے ٹاس جیتا، پہلے بلے باز چنی اور ٹیم میں ایک بلے باز کم ہونے کے باوجود ہم اچھے رن بنا سکے۔انہوں نے کہاکہ میچ میں ایک وقت تھا جب رن نہیں بن رہے تھے۔ جنوبی افریقہ کے بولر کسی ہوئی گیند بازی کر رہے تھے اور ہمیں رنز نہیں بنانے دے رہے تھے۔ میں نے اپنے کھیل پر تحمل رکھا اور اپنی کارکردگی کو درست کیا۔

مینک نے کہاکہ پچ میں تھوڑی نمی تھی۔ فلینڈر اور ربادا کسی ہوئی گیند بازی کر رہے تھے۔ ہمیں پتہ تھا کہ ہمیں محتاط بیٹنگ کرنی ہے اور براہ راست کھیلنا ہے اور خراب گیند کا انتظار کر اٹیک کرنا ہے۔ اس پچ پر جنوبی افریقہ کے اوپر دباؤ بنانے کے لئے 450-500 رن کا اسکور اچھا رہے گا۔ اگر ہم یہ اسکور بنا لیتے ہیں تو پتہ نہیں ہمیں دوسری اننگز میں بلے بازی کرنے کی ضرورت ہو گی یا نہیں
First published: Oct 10, 2019 11:30 PM IST