உங்கள் மாவட்டத்தைத் தேர்வுசெய்க

    سوریہ کمار اور بھونیشور کی شاندار کارکردگی، ہندوستان نے پہلے ٹی-20 میں سری لنکا کو روندا

    ہندوستانی ٹیم نے سوریہ کمار یادو (Suryakumar Yadav) کی شاندار نصف سنچری کے بعد بھونیشور کمار (Bhuvneshwar Kumar) کی بہترین گیند بازی کی بدولت سیریز کے پہلے ٹی-20 بین الاقوامی مقابلے میں سری لنکا کو 38 رنوں سے شکست دے دی۔

    ہندوستانی ٹیم نے سوریہ کمار یادو (Suryakumar Yadav) کی شاندار نصف سنچری کے بعد بھونیشور کمار (Bhuvneshwar Kumar) کی بہترین گیند بازی کی بدولت سیریز کے پہلے ٹی-20 بین الاقوامی مقابلے میں سری لنکا کو 38 رنوں سے شکست دے دی۔

    • Share this:
      نئی دہلی: ہندوستانی ٹیم نے سوریہ کمار یادو (Suryakumar Yadav) کی شاندار نصف سنچری کے بعد بھونیشور کمار (Bhuvneshwar Kumar) کی بہترین گیند بازی کی بدولت سیریز کے پہلے ٹی-20 بین الاقوامی مقابلے میں سری لنکا کو 38 رنوں سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ شکھر دھون (Shikhar Dhawan) کی کپتانی والی ٹیم نے تین میچوں کی سیریز میں 0-1 سے سبقت حاصل کرلی۔ کولمبو کے آر پریم داسا اسٹیڈیم میں اتوار کو کھیلے گئے مقابلے میں ہندوستان نے 20 اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر 164 رن بنائے۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے میزبان ٹیم کی اننگ 18.3 اوور میں 126 رنوں پر ہی سمٹ گئی۔

      سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے ٹاس جیتا اور ہندوستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ ہندوستان نے سری لنکا کو 165 رنوں کا ہدف دیا، جس کا پیچھا کرتے ہوئے سری لنکا کی ٹیم تیز گیند باز بھونیشور کمار (22 رن پر 4 وکٹ) اور دیپک چاہر (24 رن دے کر دو وکٹ) کی بہترین گیند بازی کے سامنے کچھ خاص نہیں کرسکی۔ میزبان ٹیم نے اپنے آخری 7 وکٹ صرف 36 رنوں پر گنوائے۔ میزبان ٹیم کی طرف سے چرتھ اسالانکا نے سب سے زیادہ 44 رن بنائے۔

      اسپنر یجویندر چہل نے بھی کفایتی گیند بازی کرتے ہوئے 19 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا جبکہ ڈیبیو کر رہے ورن چکرورتی نے ایک وکٹ لیا۔ آل راونڈر ہاردک پانڈیا اور ان کے بھائی کنال پانڈیا نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ دشمانتا چمیرا (24 رن پر دو وکٹ) اور وانندو ہسارنگا (28 رن دے کر دو وکٹ) کی عمدہ گیند بازی کے سامنے ہندوستان بھی سوریہ کمار یادو کی نصف سنچری اور کپتان شکھر دھون کی بہترین اننگ کے باوجود پانچ وکٹ پر 164 رن ہی بنا سکا تھا۔

      سوریہ کمار یادو نے 34 گیندوں کی اپنی اننگ میں پانچ چوکے اور دو چھکے لگائے۔ انہوں نے شکھر دھون کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 62 رنوں کی شراکت بھی کی۔ شیکھر دھون نے سنجو سیمسن (27 رن) کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 51 رن جوڑے۔ آر پریم داسا اسٹیڈیم میں ہی 27 جولائی کو دوسرا ٹی-20 مقابلہ کھیلا جائے گا۔

      سری لنکا کا آغاز بھی اچھا نہیں رہا۔ دیپک چاہر کی گیند پر منود بھانوکا کو ہاردک پانڈیا نے جیون دان دے دیا۔ یہ سلامی بلے باز حالانکہ کنال پانڈیا کی گیند پر کور میں سوریہ کمار کو کیچ دے بیٹھا۔ انہوں نے 10 رن بنائے۔ سلامی بلے باز اوشکا فرنانڈو نے دیپک چاہر پر دو چوکے لگائے جبکہ دھننجے ڈی سلوا نے بھی کنال پانڈیا پر چوکا لگایا۔ سری لنکا نے پاور پلے میں ایک وکٹ پر 44 رن بنائے۔
      Published by:Nisar Ahmad
      First published: