نئی دہلی: آئی پی ایل 2022 کا فائنل میچ احمدآباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں گجرات ٹائٹنس اور راجستھان رائلس کے درمیان کھیلا گیا۔ گجرات ٹائٹنس کا یہ آئی پی ایل میں پہلا سال ہے اور ڈیبیو سیزن میں ہی اس نے تاریخ رقم کرتے ہوئے خطاب پر قبضہ کرلیا۔ راجستھان رائلس 2008 کے بعد پہلی بار آئی پی ایل کا خطابی مقابلہ کھیلنے کے لئے اتری، لیکن فائنل میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سے قبل بھرے اسٹیڈیم میں آئی پی ایل کی کلوزنگ سیریمنی ہوئی۔ تقریباً ایک گھنٹے کی اس سیریمنی میں آئی پی ایل کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہوا تو وہیں رنویر سنگھ نے اپنے پرفارمنس کے ذریعہ سماں باندھا۔ اے آر رحمٰن نے بھی 8 گانوں کے ذریعہ ہندوستانی کرکٹ کے 75 سال کے سفر کو دکھایا۔
فائنل میچ کے دوران عامر خان بھی اسٹار کرکٹ پر کمنٹری کرتے ہوئے نظر آئے۔ دراصل، آئی پی ایل کے فائنل کے دوران ہی ان کی فلم ‘لال سنگھ چڈھا‘ کا ٹریلر ریلیز کیا گیا۔ اس دوران انہوں نے ہندی میں آئی پی ایل کے فائنل کی کمنٹری بھی کی۔ تاہم اس سے قبل ہی عامر خان آئی پی ایل کے براڈ کاسٹر اسٹار کرکٹ کے پری میچ شو میں ہی چھا گئے۔ انہوں نے گجرات ٹائٹنس کے لیگ اسپنر راشد خان سے بات کی۔ یہ بات چیت کافی دلچسپ رہی۔ اس میں عامر خان نے راشد سے ان کی گیند بازی، بلے بازی اور کھانا بنانے کے ہنر کے علاوہ کئی موضوعات پربات کی۔
راشد خان نے کی عامر خان سے شکایتاس بات چیت کے دوران راشد خان نے عامر خان سے ایک شکایت کی۔ دراصل، یہ شکایت ایک آل راونڈر کے طور پر راشد خان کو نظر انداز کئے جانے متعلق تھی۔ عامر خان نے بات چیت کے دوران راشد خان کی گیند بازی ہی نہیں، بلکہ ان کی بلے بازی کی بھی تعریف کی اور کہا، ’آپ صرف گیند سے ہی نہیں، بلکہ بلے سے بھی دھمال مچا رہے ہیں اور ایک آل راونڈر کے رتبے کے مطابق، کھیل رہے ہیں‘۔ اس پر راشد خان نے مزاحیہ لہجے میں جواب دیا، ‘آپ تو میری اس خوبی کو سمجھ رہے ہیں، لیکن باقی، میری اس قابلیت کو نہیں پہچانتے۔ ٹیم شیٹ میں بھی میرا نام ایک گیند باز کے طور پر ہی لکھا جاتا ہے۔ اتنا ہی نیہں، ٹی وی پر بھی جب میرا نام آتا ہے تو مجھے گیند باز ہی لکھا جاتا ہے‘۔
عامر خان کو کھانا بناکر کھلائیں گے راشد خاناس پر عامر خان نے راشد خان کی حمایت کی اور اس غلطی کو سدھارنے کے لئے مدد کا بھروسہ دلایا۔ اس بات چیت کے دوران عامر خان نے راشد خان کی ککنگ اسکل کی بھی تعریف کی اور اپنے ہاتھ کا بنا ہوا کھانا کھلانے کا مطالبہ کر دیا۔ راشد خان کو تو جیسے منہ مانگی مراد مل گئی۔ انہوں نے جلد ہی عامر خان کو افغانی کھانا بناکر کھلانے کا وعدہ کیا۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔