ہوم » نیوز » اسپورٹس

IPL 2020: جموں وکشمیر کے نوجوان کرکٹر عبدالصمد کے کوچ رندھیر سنگھ نے کہا- آل راونڈر ہونا مفید ثابت ہوگا

آئی پی ایل 2020 میں سن رائزرس حیدرآباد کی طرف سے کھیل رہے عبدالصمد کے کوچ رندھیر سنگھ نےکہا کہ عبدالصمد ایک آل راونڈر ہیں، جو اس وقت کھیل کی مانگ ہے اور یہ ان کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔

  • Share this:
IPL 2020: جموں وکشمیر کے نوجوان کرکٹر عبدالصمد کے کوچ رندھیر سنگھ نے کہا- آل راونڈر ہونا مفید ثابت ہوگا
جموں وکشمیر کے نوجوان کرکٹر عبدالصمد کے کوچ رندھیر سنگھ نے کہا ہے کہ ان کا آل راونڈر ہونا مفید ثابت ہوگا۔

 ابوظہبی: انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) میں سن رائزرس حیدرآباد کی طرف سے کھیل رہے عبدالصمد کے کوچ رندھیر سنگھ نے کہا کہ عبدالصمد ایک آل راونڈر ہے، جو اس وقت کھیل کی مانگ ہے اور یہ ان کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ جموں کے عبدالصمد نے چنئی سپر کنگس کے خلاف میچ میں آخری اوور میں اپنی شاندار گیندبازی سے ٹیم کو جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس میچ کے آخری اوور میں کریز پر دنیا کے سب سے بہتر فنشروں میں شمار ہونے والے کپتان دھونی موجود تھے۔


چنئی سپرکنگس کو جیت کے لئے 6 گیندوں میں 28رن چاہئے تھے۔ حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے 19 سالہ عبدالصمد کو گیندبازی کی ذمہ داری دی۔ یہ فیصلہ کئی لوگوں کے لئےحیرانی والا تھا، لیکن عبدالصمد نے اپنے کپتان کی امیدوں پر کھرا اترتے ہوئے ٹیم کو سات رنوں سے جیت دلا دی۔ کوچ رندھیر سنگھ نے کہا کہ عبدالصمد ایک آل راونڈر ہیں اور ایسے کھلاڑیوں کی کرکٹ کے ہر فارمٹ میں ضرورت ہے۔ وہ صورتحال کے مطابق اپنی بلے بازی کو ڈھال لیتے ہیں۔ وہ ٹی ۔20، یک روزہ میچوں کے علاوہ ٹیسٹ میچوں کے بھی فٹ ہیں کیونکہ ان کے اندر صلاحیت ہے۔

کوچ رندھیر سنگھ نے کہا کہ آج کل کرکٹ کا مطلب ہر فارمیٹ میں بڑا اسکور کھڑا کرنا ہے اور عبدالصمد لمبے شاٹ لگاتا ہے، اسکور بورڈ کو بڑھاتا رہتا ہے اس لئے وہ آئندہ دنوں میں سلیکٹروں کی نگاہوں میں بہت جلد چڑھ جائے گا۔


اس سے قبل ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبد اللہ نے ٹویٹ کرکے جموں وکشمیر رنجی کرکٹ ٹیم کے رکن اور سن رائزرس حیدرآباد کے نئے کھلاڑی عبد الصمد کی انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل-2020) میں دھماکہ دار شروعات پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔ عرفان پٹھان نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ 'عبد الصمد نے جموں وکشمیر کرکٹ برادری میں ایک اور تاج شامل کیا ہے، جو ان کے آئی پی ایل کیریئر کا آغاز کرنے کے لئے تیار ہے، میں ان کی طویل مدت کے کیریئر کے لئے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔  عرفان پٹھان نے کہا کہ مجھے یقینی طور پر امید ہے کہ عبد الصمد کا آئی پی ایل کھیلنا جموں و کشمیرکی نوجوان نسلوں میں مثبت تبدیلیاں پیدا کرے گا۔ 18 سالہ عبد الصمد جموں وکشمیر کے آئی پی ایل کھیلنے والے چوتھے کرکٹر بن گئے ہیں۔ سن رائزرس حیدرآباد کی جانب سے ڈیبیو کرتے وقت عبدالصمد نے دہلی کیپیٹلس کے خلاف 7 گیندوں پر 12 رن بنائے۔ انہیں سن رائزرس حیدرآباد نے 20 لاکھ روپئے کی بیس قیمت میں خریدا ہے۔ اس سے قبل راسخ سلام ڈار اور پرویز رسول بھی آئی پی ایل میں میچ کھیل چکے ہیں۔ان کے علاوہ پچھلے سال منظور ڈار بھی ٹورنامنٹ میں شامل تھے لیکن انہیں پنجاب کنگس الیون کی طرف سے کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔

اسی دوران جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے عبدالصمد کی آئی پی ایل میں کیپ دی جانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ 'یہ دیکھ کرخوشی ہوئی کہ جموں وکشمیر کے ایک اور نوجوان نے آئی پی ایل کی کیپ حاصل کی۔ امید ہے کہ ان کا کیریئر اچھی ترقی کرے گا'۔ واضح رہے کہ دہلی کے خلاف میچ میں عبدالصمد نے 7 گیندوں پر 12 رن ناٹ آؤٹ اسکور کئے، جس میں 1 چوکا اور 1 چھکا شامل تھا۔ صمد کا ایک چھکا اتنا لمبا تھا کہ یہاں تک کہ تبصرہ نگار بھی اچھل پڑے۔عبد الصمد اس وقت 18 سال کے ہیں ۔ سال 2019 میں صمد نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں قدم رکھا۔ صمد نے اب تک 10 فرسٹ کلاس میچوں میں 112 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 592 رنز بنائے ہیں۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں وہ اب تک 3 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔

 

 

 
Published by: Nisar Ahmad
First published: Oct 05, 2020 10:16 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading