پاکستان کےموجودہ کپتان سرفراز احمد کے دفاع میں آگئے جاوید میانداد اوروسیم اکرم
سابق کرکٹروں نے ٹیسٹ سیریزمیں شکست کا ملبہ سرفرازاحمد پرڈالنے کوسراسرزیادتی سے تعبیرکیا جبکہ آفریدی نے سرفرازریٹائرمنٹ لینے کا مشورہ دیا تھا۔
- UNI
- Last Updated: Dec 18, 2018 09:07 PM IST

سرفراز احمد: فائل فوٹو
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے دوسابق کھلاڑیوں جاوید میانداد اوروسیم اکرم نے موجودہ کپتان سرفرازاحمد کا دفاع کرتے ہوئے انہیں ٹسٹ ٹیم کا کپتان برقراررکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ شاہد آفریدی دو دن قبل سرفرازاحمد کوٹسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا مشورہ دیا تھا۔
سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کوسرفرازاحمد کو قیادت سے فارغ کرنے کی بجائے ایسے کھلاڑیوں سے نجات حاصل کرنے پرغور کرنا چاہئے جو کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔ ایک انٹرویو کے دوران جاوید میانداد نے کہا کہ کیویزکے خلاف حالیہ ہوم ٹیسٹ سیریز میں شکست کا ملبہ سرفراز احمد پر ڈالنا سراسر زیادتی ہے اور وہ کپتان کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ انہیں خود پر کسی بھی قسم کا دباؤ نہیں لینا چاہئے۔
سابق کپتان نے کہا کہ سرفراز احمد اس وقت ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی قیادت کیلئے سب سے بہترین اورموزوں آپشن ہیں کیوں کہ انہیں وکٹ کیپنگ کے ساتھ اپنی بیٹنگ پر بھی دسترس حاصل ہے اور ہمیں ان کی بجائے ایسے کھلاڑیوں پر تنقید کرنی چاہئے جو کارکردگی دکھانے میں ناکام ہیں، ٹیم کمبی نیشن کے لئے بھی یہی بہتر ہوگا کہ ایسے کھلاڑیوں کو باہرکردیا جائے۔
سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے بھی سرفراز احمد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ مشکل دورہ ہے اور سرفراز بہت اچھی کپتانی کررہے ہیں، اگر سرفراز نہیں تو کپتان کون بنے گا۔