طویل انتظارکے بعد آخرکارہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کے نام کا اعلان کردیا گیا ہے۔ کپل دیو کی قیادت والی کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی نے ٹیم انڈیا کے موجودہ کوچ روی شاستری کو ہی بطورکوچ برقراررکھا ہے۔ روی شاستری کو اگلے دوسالوں کے لئے ٹیم انڈیا کا کوچ منتخب کیا گیا ہے۔ کپل دیو نے بتایا کہ کوچ کے دعویداروں کے درمیان سخت مقابلہ رہا۔ مائیک ہیسن دوسرے اورٹام موڈی تیسرے نمبرپر رہے۔
انشمن گائکواڑ نے بتایا کہ انڈین کرکٹ ٹیم کوقریب سے جاننا روی شاستری کے حق میں گیا۔ گائکواڑ نے کہا 'روی شاستری ٹیم کو جانتے ہیں، ہرکھلاڑی کوجانتے ہیں، ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سسٹم کوجانتے ہیں۔ جبکہ دوسرے دعویداروں کوایک نئی شروعات کرنی پڑتی'۔ حالانکہ یہ پہلے سے قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ روی شاستری کا ایک بارپھرٹیم انڈیا کا کوچ بننا تقریباً طے ہے۔
روی شاستری کےعلاوہ تین رکنی کمیٹی کے سامنے جو دیگربڑے نام پیش ہوئے، اس میں آسٹریلیا کے سابق آل راونڈراورسری لنکا کے سابق کوچ ٹام موڈی کے علاوہ نیوزی لینڈ اور کنگس الیون پنجاب کے سابق کوچ مائیک ہیسن، شامل ہیں۔ ہندوستان کی 2007 کی عالمی کپ ٹی -20 جیتنے والی ٹیم کے منیجرلال چند راجپوت، ممبئی انڈینس کے سابق کوچ روبن سنگھ اورویسٹ انڈیزکے فل سمنس نے بھی دعویداری پیش کی تھی۔ فل سمنس حال کے وقت تک افغانستان کی قومی ٹیم کے کوچ تھے۔

روی شاستری کو وراٹ کوہلی کی بھی حمایت حاصل تھی۔
واضح رہے کہ روی شاستری کا 2017 میں ہندوستانی ٹیم سے چیف کوچ کے طورپرمنسلک ہونے کے بعد سے ریکارڈ کا فی اچھا رہا ہے۔ اس دوران گزشتہ سال ہندوستان نے آسٹریلیائی سرزمین پرپہلی بارٹسٹ سیریزجیتی۔ شاستری کی قیادت میں جولائی 2017 سے ہندوستان نے 21 ٹسٹ میچوں میں سے 13 میچ میں جیت درج کی۔ ٹی -20 بین الاقوامی میں تو کارکردگی بہت ہی بہتررہی، جہاں نے ہندوستان نے 36 میچوں میں سے 25 میچوں میں جیت درج کی۔ یک روزہ میچوں میں بھی ہندوستانی ٹیم 60 میں سے43 مقابلے جیت کرحاوی رہی۔ ٹیم حالانکہ عالمی کپ 2019 میں ان کی قیادت میں سیمی فائنل سےآگے بڑھنے میں نا کام رہی۔
کیریبیائی سرزمین پرحالانکہ ٹی -20 اوریک روزہ بین الاقوامی میچوں میں ہندوستان کا دبدبہ ظاہرکرتا ہے کہ ٹیم انڈیا بیشترچیزوں میں ٹھیک کررہی ہے۔ کپتان وراٹ کوہلی کی عوامی حمایت کے بعد اگرروی شاستری کو 2021 میں ہندوستان میں ہونے والے ٹی -20 عالمی کپ کے لئے دوبارہ ذمہ داری ملتی ہے توزیادہ حیرانی نہیں ہوگی۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔