نئی دہلی: سابق کپتان سوربھ گانگولی (Sourav Ganguly) گزشتہ تقریباً دو سال سے ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر کے طور پر ذمہ داری سنبھال رہے ہیں۔ ان پُرچیلنجز 26 ماہ کے اندر انہوں نے کئی طرح کی تنقیدوں کا سامنا کیا۔ اس میں انہیں کووڈ-19 کے سبب پیدا ہوئی پریشانیوں سے تو روبرو ہونا ہی پڑا، لیکن ان پر سلیکٹروں کو متاثر کرنے کے الزامات بھی لگے۔ اب سوربھ گانگولی نے خود ان الزامات کا جواب دیا ہے۔
سوربھ گانگولی نے خود پر لگے ان الزامات کو ہی خارج نہیں کیا بلکہ اپنے نقادوں کو بھی یاد دلایا کہ بی سی سی آئی صدر بننے سے پہلے وہ مشہور کرکٹر تھے اور 424 انٹرنیشنل میچ کھیل چکےتھے، جس میں 113 ٹسٹ شامل تھے۔ سوربھ گانگولی سے جب پوچھا گیا کہ کای وہ سلیکشن کمیٹی کو متاثر کرتے ہیں اور سلیکٹروں پر دباو ڈالنے کے لئے میٹنگوں میں حصہ لیتے ہیں؟ تو انہوں نے پی ٹی آئی سے کہا، ’مجھے نہیں لگتا کہ مجھے کسی کو اس پر جواب دینے کی ضرورت ہے۔ ان بے بنیاد الزامات میں سے کسی کو اہم بنانے کی ضرورت ہے۔ میں بی سی سی آئی صدر ہوں اور بی سی سی آئی صدر کو جو کام کرنا چاہئے، وہ کرتا ہوں‘۔
سوربھ گانگولی نے مزید کہا، ’آپ کو یہ بھی بتا دوں کہ میں نے سوشل میڈیا پر ایک تصویر دیکھی، جس میں مجھے سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں بیٹھے ہوئے دکھایا جا رہا تھا۔ میں واضح کرنا چاہوں گا کہ یہ تصویر (جس میں گانگولی، جے شاہ، کپتان وراٹ کوہلی اور جوائنٹ سکریٹری جیئیش جارج بیٹھے ہیں) سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ ہی نہیں تھی۔ جیئیش جارج سلیکشن کمیٹی کا حصہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ہندوستان کے لئے 424 انٹرنیشنل میچ کھیل چکا ہوں۔ کبھی کبھار لوگوں کو یہ یاد دلانے کا خیال برا نہیں ہے۔ (ہنستے ہوئے)۔
بی سی سی آئی صدر سوربھ گانگولی نے بورڈ کے دیگر اراکین کے ساتھ رشتوں پر کہا، ’سبھی کے ساتھ اچھے رشتے ہیں۔ سکریٹری جے شاہ کے ساتھ میرا بہترین رشتہ ہے۔ وہ اچھے دوست ہیں اور قابل اعتماد معاون ہیں۔ میں، جے، ارون (دھومل) اور جیئیش (جارج) ہم ان دو سالوں میں خاص طور پر کووڈ-19 کے مشکل دور میں، بورڈ کو آگے لے جانے کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔ یہ یقینی کر رہے ہیں کہ کرکٹ کھیلا جائے۔ میں کہوں گا کہ یہ دو سال شاندار رہے۔ ہم نے بطور ٹیم ایسا کیا ہے۔
ہندوستان کے 1000 ویں ونڈے کے لئے کیا کچھ خاص جشن ہوگا، اس پر سوربھ گانگولی نے واضح کیا کہ کووڈ-19 پروٹوکول کے سبب یہ ممکن نہیں ہو پائے گا۔ انہوں نے کہا، ‘نہیں… ایسا کچھ نہیں ہو پائے گا کیونکہ سب کچھ بایو-ببل میں ہو رہا ہے۔ ہمیں کووڈ-19 پروٹوکول پر عمل کرنا ہوگا، اس لئے کسی طرح کا بڑا جشن ممکن نہیں ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔