ہوم » نیوز » اسپورٹس

بڑی خبر: نئے سال پر ٹی نٹراجن کو ملی خوشخبری، امیش یادو اور محمد شمی کی جگہ ان کھلاڑیوں کو ملا موقع

ہندوستانی تیز گیند باز ٹی نٹراجن (T Natrajan) آسٹریلیا (Australia) کے خلاف تیسرے ٹسٹ میچ میں کھیل سکتے ہیں۔

  • Share this:
بڑی خبر: نئے سال پر ٹی نٹراجن کو ملی خوشخبری، امیش یادو اور محمد شمی کی جگہ ان کھلاڑیوں کو ملا موقع
نئے سال پر ٹی نٹراجن کو ملی خوشخبری، امیش یادو اور محمد شمی کی جگہ ان کھلاڑیوں کو ملا موقع

میلبورن: ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے زخمی تیزگیند بازوں امیش یادو اور محمد شمی کی جگہ بالترتیب بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز ٹی نٹراجن اور شاردل ٹھاکر کو آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں ساتھ جنوری سے ہونے والے تیسرے کرکٹ ٹسٹ کے لئے ٹیم انڈیا میں شامل کیا ہے۔ محمد شمی ایڈیلیڈ میں ہوئے پہلے دن رات ٹسٹ میں پیٹ کمنس کی باؤنسر پر اپنا بازو زخمی کرا بیٹھے جبکہ امیش میلبورن میں دوسرے باکسنگ ڈے ٹسٹ میں دوسری اننگز میں اپنا چوتھا اوور ڈالنے کے دوران اپنی پنڈلی زخمی کر بیٹھے تھے۔


محمد شمی پہلے ٹسٹ کے بعد اور امیش دوسرے ٹسٹ کے بعد سیریز سے باہر ہوگئے اور اب دونوں تیز گیند باز وطن واپس آکر بینگلور واقع قومی کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ریہیبلی ٹیشن سے گزریں گے۔  بارڈر۔ گاوسکر ٹرافی کے لئے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز فی الحال 1-1 سے برابر ہے اور سیریز کا تیسرا ٹیسٹ 7 جنوری سے سڈنی میں کھیلا جانا ہے۔ ٹی نٹراجن اور ٹھاکر دونوں تیز گیند باز اس دورے میں ہندوستانی ٹیم کے ساتھ نیٹ گیند باز کے طور پر شامل تھے۔ نٹراجن نے ابھی تک ہندوستان کے لئے کوئی ٹسٹ میچ نہیں کھیلا ہے جبکہ ٹھاکر ہندوستان کے لئے ایک ٹسٹ میچ کھیل چکے ہیں۔ ٹسٹ ٹیم میں نو دیپ سینی کے طور پر ایک دیگر تیز گیند باز موجود ہے۔ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ ٹیم منیجمنٹ سڈنی ٹسٹ میں جسپریت بمراہ کے ساتھی تیز گیند باز کے طورپر سینی، نٹراجن اور ٹھاکر میں سے کن دو تیز گیند بازوں کو موقع دیتا ہے۔


پلیئنگ الیون میں ہوگی روہت شرما کی واپسی


تیسرے ٹسٹ میں روہت شرما اور کے ایل راہل دونوں کی پلیئنگ الیون میں واپسی ہوسکتی ہے۔ کوارنٹائن مدت پوری کرکے روہت شرما میلبورن میں ٹیم انڈیا سے جڑ گئے ہیں اور انہوں نے پریکٹس بھی شروع کردی ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے سلامی بلے باز مینک اگروال نے دو ٹسٹ میں 7.75 کی اوسط سے صرف 31 رن بنائے ہیں اور مڈل آرڈر کے بلے باز ہنوما وہاری کی کارکردگی بھی اچھی نہیں رہی ہے۔ ہنوما وہاری تین اننگ میں 15 کی اوسط سے محض 45 رن ہی بنا سکے ہیں۔ ایسے میں اگلے ٹسٹ میں یہ دونوں بلے باز ٹیم سے ڈراپ ہوسکتے ہیں۔ اگر روہت شرما اوپننگ نہیں کرتے ہیں تو شبھمن گل کے ساتھ راہل اننگ کا آغاز کریں گے۔ روہت شرما پانچویں نمبر پر ہنوما وہاری کی جگہ لے سکتے ہیں۔
Published by: Nisar Ahmad
First published: Jan 01, 2021 07:55 PM IST