Syed Mushtaq Ali Trophy: آئی پی ایل میں نہیں ملا ایک بھی میچ کھیلنے کا موقع، اب لگائی 53 گیندوں میں شاندار سنچری
Syed Mushtaq Ali Trophy: جھارکھنڈ کے بلے باز وراٹ سنگھ (Virat Singh) نے طوفانی ناٹ آوٹ سنچری لگائی ہے۔
- news18 Urdu
- Last Updated: Jan 15, 2021 09:35 PM IST

آئی پی ایل میں نہیں ملا ایک بھی میچ کھیلنے کا موقع، اب لگائی 53 گیندوں میں شاندار سنچری
نئی دہلی: سید مشتاق علی ٹرافی (Syed Mushtaq Ali Trophy) ٹی -20 ٹورنامنٹ میں نوجوان بلے بازوں کا بلہ جم کر بول رہا ہے۔ جمعرات کو جھارکھنڈ کے 23 سالہ بلے باز وراٹ سنگھ (Virat Singh) نے آسام کے خلاف ناٹ آوٹ 103 رنوں کی طوفانی اننگ کھیلی۔ جھارکھنڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں تین وکٹ کے نقصان پر 233 رن بنائے۔ ہدف کا تعاقب کرنے اتری آسام کی ٹیم 7 وکٹ گنوا کر 182 رن ہی بناسکی۔ جھارکھنڈ نے یہ میچ 51 رنوں سے جیتا۔
وراٹ نے لگائی پہلی سنچری
ٹی-20 کرکٹ میں یہ وراٹ سنگھ کی پہلی سنچری ہے۔ انہوں نے صرف 53 گیندوں میں 12 چوکے اور تین چھکوں کی بدولت 103 رنوں کی اننگ کھیلی۔ وراٹ سنگھ آئی پی ایل میں سن رائزرس حیدرآباد کا حصہ ہیں۔ آئی پی ایل 2020 میں انہیں ایک بھی میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا تھا۔ گھریلو ٹی -20 ٹورنامنٹ میں انہوں نے گزشتہ تین میچوں میں 173 رن بنائے ہیں۔ اس بار وہ حیدرآباد کے پلیئنگ الیون کا حصہ ہوسکتے ہیں۔ ان کے علاوہ تجربہ کار بلے باز سوربھ تیواری 33 گیندوں پر پانچ چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے 57 رن بنائے۔ ڈیتھ اووروں میں کمار دیوبرت نے 12 گیندوں پر 258 کی اسٹرائیک ریٹ سے 31 رن بنائے۔
بڑودہ، ہماچل اور اتراکھنڈ جیتے
ہماچل پردیش نے گجرات کو 26 رن سے ہرایا۔ ہماچل پردیش نے پہلے بلے بازی کے لئے مدعو کئے جانے پر رشی دھون (43)، دگوجے رانگی (ناٹ آوٹ 35 رن) اور پرشانت چوپڑا (35 رن) کے مناسب تعاون سے پانچ وکٹ پر 141 رن بنائے۔ اس کے جواب میں گجرات کی ٹیم 115 رن پر آوٹ ہوگئی۔ اس کی طرف سے تجربہ کار پیوش چاولہ نے سب سے زیادہ 39 رن بنائے۔ ہماچل پردیش کی طرف سے ویبھو اروڑہ نے تین جبکہ پنکج جیسوال اور رشی دھون نے دو دو وکٹ لئے۔ ایک دیگر میچ میں اتراکھنڈ نے مہاراشٹر کو 6 وکٹ سے ہرایا۔ مہاراشٹر نے کیدار جادھو (61 رن) کی نصف سنچری کی مدد سے چار وکٹ پر 141 رن بنائے۔ اتراکھنڈ نے چار وکٹ پر 145 رن بناکر جیت درج کی۔ اس کے لئے جے بسٹا نے ناٹ آوٹ 69 رن بنائے۔