مہاراشٹر کے چھترپتی سمبھا جی نگر کے کیراڈپورہ علاوہ سے فرقہ وارانہ تشدد کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق شرپسندوں نے کچھ نجی اور پولیس کی گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا ہے۔ پولیس نے لوگوں کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا اور اس کے بعد امن قائم ہوگیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے کمشنر آف پولیس (سی پی) نکھل گپتا نے کہا کہ شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق، علاقے میں رام مندر کو نقصان پہنچانے کی ایک "افواہ" کی وجہ سے تصادم ہوا، تاہم مہاراشٹر کے وزیر اتل ساوے نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی افواہ پر یقین نہ کریں۔ وہیں، پولیس کمشنر نکھل گپتا نے کہا ’’یہ واقعہ رات 12.30 بجے پیش آیا۔ کچھ لڑکوں نے اس واقعہ کو انجام دیا ہے۔ میں پرسکون رہنے کی اپیل کرتا ہوں۔ ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ پولیس اپنا کام کر رہی ہے۔‘‘
مرکزی وزیر بھاگوت کراڈ نے کہا کہ علاقے میں دو گروپوں کے درمیان تصادم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے 7 سے 8 پولیس کی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اس معاملے میں اب تک تقریباً 45 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور تشدد کے دوران 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اے این آئی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں نماز کے دوران مسجد کے باہر موسیقی بجائی جارہی تھی جو تصادم کی وجہ بنی۔
رام نومی کے موقع پر شہر کے مختلف مقامات پر مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ شہر کی مخلوط آبادی والی بستی کیراڈپورہ میں واقع رام مندر میں بھی تیاریاں جاری تھیں۔ رات بارہ بجے کے قریب کچھ نوجوانوں میں کہا سنی ہو گئی۔ یہیں سے کشیدگی کی پہلی چنگاری بھڑک اٹھی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جھگڑا موٹر سائیکل کو لے کر شروع ہوا تھا، بعد میں تنازعہ بڑھ گیا۔ نعرے بازی ہوتے ہی دونوں گروپ ایک دوسرے سے دست و گریباں ہوگئے۔
مندر کے سامنے کھڑی پولیس کی گاڑی کو شرپسندوں نے آگ لگا دی۔ ہجوم کسی کی ایک سننے کو تیار نہیں تھا۔ کچھ ہی دیر میں پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی لیکن لوگوں نے پتھراؤ کیا اور گاڑی کے شیشے بھی توڑ ڈالے۔ جس کے نتیجے میں پولیس نے بھیڑ پر قابو پانے کے لیے فائرنگ کی۔ بعد ازاں فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے آگ پر قابو پالیا۔ فی الحال صورتحال قابو میں ہے اور امن قائم ہو چکا ہے۔
Published by:sibghatullah
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔