تقریباً 1400 سال قبل نبی کریم حضرت محمد ﷺ جس طرح کھجور سے روزہ افطار کیا کرتے تھے، آج بھی اُسی طرح دنیا بھر کے مسلمان رمضان شریف میں کھجور سے اپنا روزہ افطار کرتے ہیں۔ اگر آپ کا ماہِ رمضان امریکہ میں گزر رہا ہے تو قوی امکان یہ ہے کہ آپ جن کھجوروں سے روزہ افطار کررہے ہیں وہ کیلیفورنیا سے آئی ہوں۔
کھجور ماہِ رمضان کا پسندیدہ پھل ہے اور اِس کی معقول وجہ ہے۔ کھانے پکانے اور غذائیت کے بارے میں ایک مقبول بلاگ، میرا حلال کچن کی مصنفہ، ایوان مافی کہتی ہیں ’’ روزہ افطار کرنے کے لیے کھجووروں سے بہتر کوئی غذا نہیں ہو سکتی کیوں کہ ان سے ہمارے جسم میں شکر کی سطح ایک محفوظ اور معتدل انداز سے بڑھانے میں مدد ملتی ہے۔‘‘
دنیا میں پیدا ہونے والی کھجوروں کا بیشتر حصہ مشرقِ وسطیٰ اور جنوب مشرقی ایشیا میں اگایا جاتا ہے۔ ایک نیوز ویب سائٹ اَیلٹ مسلم ڈاٹ کام کے بانی شاہد امان اللہ کہتے ہیں کہ دنیا کی بعض بہترین کھجوریں ان کی آبائی ریاست کیلیفورنیا کی زرخیز کوچیلا وادی میں پیدا ہوتی ہیں ۔ وہ اپنے ایک بلاگ پوسٹ میں لکھتے ہیں ’’ میرے نزدیک مجول بہترین کھجور ہے۔ یہ جسامت میں بڑی ہوتی ہے اور اس میں گودا زیادہ ہوتا ہے۔ ‘‘
کھجوروں کی کاشت اب ایریزونا اور فلوریڈا کی ریاستوں میں بھی کی جاتی ہے۔ امریکہ میں دوسرے ملکوں سے کھجور کے پودوں کی آمد اور امریکہ میں مسلمانوں کی آمد کے درمیان زبردست مماثلت پائی جاتی ہے۔
1920 کی دہائی میں مراکش کے بادشاہ نے جنوبی کیلوفورنیا کے لیے کھجور کے 11 چھوٹے پودے بھجوائے تھے۔ امان اللہ کا کہنا ہے ’’ کھجور کے ان پودوں کی طرح مسلمان بھی امریکہ کی مٹی میں پھلے پھولے ہیں۔‘‘
امان اللہ کو اپنے بچپن کا وہ وقت یاد ہے جب انھوں نے ریورسائڈ کاؤنٹی کی مہم جوئی کے دوران پہلی بار کیلیفورنیا کی کھجوروں کا ذائقہ چکھا تھا۔انہوں نے بتایا ’’ میرے والد مجھے مکّے کی سیر پر لے جایا کرتے تھے۔ یہ سعودی عرب کا مقدس شہر مکّہ نہیں ہے بلکہ یہ کیلیفورنیا کا ایک قصبہ ہے جہاں ہر سال کھجوروں کی نمائش ہوتی ہے۔
وہ بتاتے ہیں ’’ یہاں ہمیں ہر قسم کی کھجوریں چکھنے کا موقع ملتا تھا جن میں زاہدی، ڈگلٹ نور، ایمپریس اور دیگر اقسام کی کھجوریں شامل ہوتیں تھیں۔ کیلیفورنیا کے اس حصے میں نہ صرف یہ کہ کھجوروں کا جشن منایا جاتا ہے، بلکہ عرب اور مسلمان دنیا سے ان کے تعلق کو احترام کی نگاہ سے بھی دیکھا جاتا ہے۔جن کھجور اگانے والوں سے ہم ملتے تھے تو وہ ہم سے پوچھتے تھے کہ کیا وہ ان کھجوروں کے عربی ناموں کو درست تلفظ سے ادا کر رہے ہیں ۔‘‘
تشکر برائے متن و تصاویر: شیئر امیریکہبشکریہ اسپَین میگزین، امریکی سفارت خانہ، نئی دہلی
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔