جموں و کشمیر: پونچھ میں ایل او سی پر گولہ باری، ایک مقامی شہری زخمی

جموں کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر پیر کی صبح ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے میں ایک عام شہری زخمی ہوا۔

Apr 01, 2019 12:15 PM IST | Updated on: Apr 01, 2019 12:20 PM IST
جموں و کشمیر: پونچھ میں ایل او سی پر گولہ باری، ایک مقامی شہری زخمی

جموں کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر پیر کی صبح ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے میں ایک عام شہری زخمی ہوا۔ دریں اثنا ایل او سی پر فائرنگ کے پیش نظر ضلع پونچھ کے متعدد سرحدی علاقوں میں پیر کے روز تعلیمی ادارے بند رہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کے پیش نظر ضلع پونچھ کے مختلف سرحدی علاقوں بشمول شاہپور، ماندھار، کرنی اور قصبہ میں ضلع مجسٹریٹ کے احکامات پر تعلیمی ادارے بند رہے۔ اس حوالے سے ضلع مجسٹریٹ پونچھ کی طرف سے جاری حکم نامے میں کہا گہا تھا کہ 'آرپار کی گولہ باری کے پیش نظر شاہپور، ماندھار اور قصبہ کے کچھ حصوں بشمول ہائز سیکنڈری اسلام آباد پیر کے روز بنا بر احتیاط بند رہیں گے'۔

ایک دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول پر شاہپور اور کرنی علاقوں میں پیر کی صبح قریب پونے آٹھ بجے پاکستانی فوج نے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرکے گولہ باری اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک عام شہری زخمی ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج بھر پور اور موثر جوابی کارروائی کررہی ہے۔ پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ طرفین کے درمیان گولہ باری کے نتیجے میں ایک عام شہری زخمی ہوا ہے جس کی شناخت محمد شریف کے بطور ہوئی ہے۔

Loading...

انہوں نے کہا کہ شریف کو فوری علاج ومعالجے کے لئے ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کیا گیا ہے۔ اس دوران ضلع پونچھ کے منکوٹ میں ہند و پاک افواج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ پیر کو مسلسل تیسرے روز بھی جاری رہا۔

 

Loading...