اسرائیلی وزیر اعظم کے دورہ کے خلاف احمد آباد میں جمعیۃ علماء ہند کا احتجاجی مظاہرہ و پریس کانفرنس

اسرائیلی وزیر اعظم کے احمد آباد پہنچنے پر آج جمعیۃ علماء ہند نے سابر متی آشرم اور یہودی معبد خانہ کے پاس احتجاج کرنے کی تیاری کررکھی تھی ، لیکن عین وقت پر احمد آباد پولس انتظامیہ نے اس کی اجازت نہیں دی

Jan 18, 2018 12:03 AM IST | Updated on: Jan 18, 2018 12:03 AM IST
اسرائیلی وزیر اعظم کے دورہ کے خلاف احمد آباد میں جمعیۃ علماء ہند کا احتجاجی مظاہرہ و پریس کانفرنس

جمعیۃ علما ہند کے کارکنان احتجاج کرتے ہوئے ۔

احمد آباد : اسرائیلی وزیر اعظم کے احمد آباد پہنچنے پر آج جمعیۃ علماء ہند نے سابر متی آشرم اور یہودی معبد خانہ کے پاس احتجاج کرنے کی تیاری کررکھی تھی ، لیکن عین وقت پر احمد آباد پولس انتظامیہ نے اس کی اجازت نہیں دی ۔ اس کے بعد خان پور میں واقع جمعیۃ دفتر میں منعقد ہونے والی پریس کانفرنس کو کو بھی روکنے کی کوشش کی گئی اور ریاستی جمعیۃ دفتر کے باہر پولس کا پہرہ بیٹھایا دیا گیا ۔

تاہم جمعیۃ علماء ہند کے قومی جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی ہدایت پرجمعیۃ علماء گجرات کے دفتر میں تنظیم کارکنان احتجاجی بینر اور پلے کارڈ اٹھائے جمع ہوئے اور دوپہربارہ بجے پریس کانفرنس شروع ہوئی ۔ پریس کانفرنس میں جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی ، پروفیسر نثار احمد انصاری ناظم اعلی جمعیۃ علماء گجرات،مفتی محمد اسجد قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء گجرات، انل بھائی مہیریا بامسیف راشٹریہ آل ماناریٹی مورچہ ، جیتندر بالاویا وغیرہ نے شرکت کی ۔

پریس کانفرنس میں احمد آباد پولس انتظامیہ کے رویے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے ایمرجنسی جیسے حالات سے تعبیر کیا گیا ۔ شرکاء نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کی جیسی امن پسند تنظیم کو آج سرکاری انتظامیہ نے احتجاج کی اجازت نہیں دی ، اس لیے اس پریس کانفرنس کے ذریعہ ہم اپنا احتجاج درج کرنے پر مجبور ہوئے ہیں ۔حالاں کہ دہلی اور ممبئی میں احتجا ج میں کوئی رکاوٹ نہیں تھی، آخر احمد آباد میں ایسا کیوں کیا گیا؟۔

پریس کانفرنس میں مزید کہا گیا کہ ہم اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہوکی ہندستان آمد او راس سے مختلف میدانوںمیں تعلقات وسیع کرنے کی سخت مذمت کرتے ہیں ۔ہندستان کے عوام نے ہمیشہ فلسطینی کاز کی حمایت کی ہے ، نیز اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے متاثرین تباہ حال فلسطینیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ دہائیوں سے ہمارے ملک کی خارجہ پالیسی انسانی حقوق کے تحفظ اور عالمی امن کی حمایت میں رہی ہے ، مگر ان دنوں اس سے انحراف کی راہ اختیار کی جارہی ہے ۔

Loading...

Loading...
Listen to the latest songs, only on JioSaavn.com