مسلم نوجوانوں کو حراساں کئے جانے والے معاملے پر مسلم اراکین اسمبلی برہم، بیجا گرفتاریوں پر روک کی مانگ

ریاست مہاراشٹر کے پربھنی شہر میں مسلم نوجوانوں کو انسداد دہشت گردی دستہ کی جانب سے حراساں کئے جانے والے معاملے میں آج یہاں مسلم اراکین اسمبلی نے برہمی کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ بے جا گرفتاریوں پر فوری روک لگائی جائے۔

Jul 25, 2016 06:21 PM IST | Updated on: Jul 25, 2016 06:21 PM IST
مسلم نوجوانوں کو حراساں کئے جانے والے معاملے پر مسلم اراکین اسمبلی برہم، بیجا گرفتاریوں پر روک کی مانگ

ممبئی۔  ریاست مہاراشٹر کے پربھنی شہر میں مسلم نوجوانوں کو انسداد دہشت گردی دستہ کی جانب سے حراساں کئے جانے والے معاملے میں آج یہاں مسلم اراکین اسمبلی نے برہمی کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ بے جا گرفتاریوں پر فوری روک لگائی جائے۔ نیز اسمبلی کے جاری اجلاس کے دوران جب سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے یہ معاملہ اٹھانے کی کوشش کی تو اسپیکر نے اسے مسترد کردیا جبکہ کانگریس اراکین اسمبلی محمد عارف نسیم خان اور امین پٹیل اس کی حمایت میں کھڑے ہوگئے لیکن اسپیکر نے انہیں بھی بولنے کی اجازت نہیں دی۔

ایوان کی کارروائی کے بعد ابو عاصم اعظمی نے اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحقیقات کی آڑ میں مسلم نوجوانوں کی گرفتاریوں پر سخت لفظوں میں احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ بغیر پختہ ثبوت کے کسی بھی نوجوان کو گرفتار نہ کیا جائے ۔ سابق اقلیتی امور وزیر محمد عارف نسیم خان نے بھی اس سلسلہ میں اخبار نویسوں سے گفتگو کی اور بتایا کہ گذشتہ دنوں شیو سینا رکن اسمبلی راہول پاٹل نے یہ شوشہ چھوڑا تھا کہ مراٹھواڑہ سے سو مسلم نوجوان گمشدہ پائے گئے ہیں اور وہ تما م آئی ایس ائی ایس کی ٹریننگ کے لیئے ملک سے باہر گئے ہوئے ہیں ۔ نسیم خان نے کہا کہ سینا رکن اسمبلی کے اس الزام کی جب انہوں نے تحقیقات کی تو کسی بھی نوجوان کے گمشدہ ہونے کی کسی بھی پولس تھانے میں رپورٹ درج کیئے جانے کے ثبوت نہیں حاصل ہوئے۔ اس طرح سے سینا رکن اسمبلی نے ایک شوشہ چھوڑا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے گرفتاریوں کے تعلق سے رہنمایانہ اصول مرتب کیئے ہیں اس کے مطابق کارروائی کی جانی چاہئے اور جب تک یہ ثابت نہ ہوجائے کہ نوجوان غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے تب تک اس کے خلاف کارروائی نہیں کی جائے اور اگر کارروائی ضروری ہے تو علاقے کے معززین اور متعلقہ نوجوان کے والدین کو ضرور مطلع کیا جائے ۔

Loading...

Loading...