شیوسینا کا بڑا اعلان: تنہا لڑے گی 2019 کا لوک سبھا-اسمبلی الیکشن

این ڈی اے کی پرانی اتحادی رہی شیوسینا نے 2019 میں تنہا لوک سبھا اور اسمبلی کے انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Jan 23, 2018 01:19 PM IST | Updated on: Jan 23, 2018 02:58 PM IST
شیوسینا کا بڑا اعلان: تنہا لڑے گی 2019 کا لوک سبھا-اسمبلی الیکشن

شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے: فائل فوٹو۔

ممبئی۔ مرکز اور مہاراشٹر حکومت میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی اہم اتحادی شیوسینا نے 2019 میں ہونے والے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات تنہا لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کی قومی مجلس عاملہ کی آج ہونے والی اہم میٹنگ میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات اکیلے لڑنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ مرکز کی نریندر مودی حکومت میں شیوسینا سب سے بڑی اتحادی ہے۔ اس کے 18 ممبران پارلیمنٹ ہیں۔ بی جے پی اور شیوسینا تین دہائی سے ایک ساتھ رہے ہیں۔ گزشتہ چند ماہ میں دونوں کے تعلقات میں مسلسل تلخی بڑھتی جا رہی تھی۔ میٹنگ میں شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے کے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے کو قومی مجلس عاملہ کا رکن بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

شیوسینا کے ترجمان اور رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے مجلس عاملہ کی میٹنگ میں ایک تجویز رکھی جسے اتفاق رائے سے پاس کیا گیا۔ پاس کی گئی تجویز میں 2019 کے لوک سبھا انتخابات اور آنے والے اسمبلی انتخابات کو اکیلے لڑنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تجویز میں مہاراشٹر کی 48لوک سبھا سیٹوں میں سے 25اور ریاستی اسمبلی کی 288سیٹوں میں 150سیٹوں پر جیت کی امید ظاہر کی گئی۔

شیو سینا کی طرف سے بی جے پی کے ساتھ اتحاد توڑنےکے کئی بار بیان آئے۔آدتیہ ٹھاکرے کو شیو سینا کی یوتھ اکائی کی کمان سونپنے کے بعد دونوں پارٹیوں کے درمیان تلخی اور بڑھ گئی تھی۔ آدتیہ ٹھاکرے نے یہ وارننگ دی تھی کہ ایک سال کے اندر دیویندر فڈنوس حکومت کو شیو سینا اپنے آپ سے علحیدہ کرلے گی۔ دونوں کے درمیان تلخی گزشتہ سال اس وقت مزید بڑھ گئی جب برہن ممبئی میونسیپل کارپوریشن (بی ایم سی) کا الیکشن شیو سینا نے تنہا لڑنے کا اعلان کیا۔

پارٹی کے بانی بال ٹھاکرے کی سالگرہ کے موقع پر منعقد مجلس عاملہ کی میٹنگ میں شیو سینا کے صدر اور دیگر عہدے داران کا انتخاب کیا جائےگا۔ ذرائع کے مطابق صدرکے عہدے کے لئے صرف ادھوٹھاکرے کو نامزد کیا گیا ہے۔ اس لئےان کا الیکشن جیتنا یقینی ہے۔مسٹر ٹھاکرے نے 23جنوری 2013کو شیو سینا کی باگ ڈور سنبھالی تھی۔

Loading...

Loading...