یوپی میں باضابطہ طور پر اسکول اور مدارس کھلے، لیکن زیادہ تر والدین بچوں کو اسکول بھیجنے کو راضی نہیں: جانیں وجہ
اس سال ہونے والے بورڈ امتحانات کے پیش نظر حکومت نے 9 ویں جماعت سے لیکر بارہویں تک کے بچوں کی آف لائن کلاسز شروع کرنے کی اجازت تو دے دی ہے لیکن کورونا وائرس وبا (Covid-19 pandemic) کے خطرے کے پیش نظر زیادہ تر والدین ابھی اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے کو لیکر مطمئن نہیں ہیں۔

میرٹھ: حکومت کی جانب سے 19 اکتوبر سے اسکولوں میں 9 ویں جماعت سے لیکر 12 ویں جماعت تک کی آف لائن کلاس شروع کرنے کی اجازت ملنے کے بعد سے اُتر پردیش میں بھی باضابطہ طور پر اسکول اور مدارس میں آف لائن کلاسز کی شروعات ہو گئی ہے۔ تاہم کچھ اسکولوں کے علاوہ ابھی زیادہ تر اسکول اور مدارس آف لائن کلاسز کی شروعات کرنے سے قاصر ہیں۔

یوپی کے میرٹھ میں بھی چند پرائیویٹ اور سرکاری اسکولوں میں ہی 19 اکتوبر سے آف لائن کلاسز کی شروعات کی جا سکی ہے۔

حکومت کی جانب سے دی گئی سخت ہدایات اور شرائط کے ساتھ آج سے میرٹھ کے بھی کئی اسکول اور کالجوں میں 9 ویں جماعت سے لیکر 12 ویں جماعت تک کے بچوں کی آف لائن تعلیم کا سلسلہ شروع تو ہوا لیکن دلچسپ بات یہ رہی کہ جہاں زیادہ تر پرائیویٹ اسکولوں نے بچوں کی کمی کے سبب دسہرے کے بعد کلاسز شروع کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے 19 اکتوبر سے کلاسز کی شروعات نہیں کی۔

وہیں سرکاری اسکولوں میں بچوں کی خاطرخواہ تعداد نظر آئی ۔ میرٹھ کے اسماعیل گرلز انٹر کالج میں احتیاطی اقدامات کے ساتھ کلاسز کی شروعات ہوئی۔ سات ماہ بعد اسکول کھلنے سے طالبات اور اسکول اسٹاف کے چہروں پر جہاں خوشی نظر آئی ۔ وہیں پرائیویٹ اسکولوں میں طالب علموں کی تعداد نہ کے برابر رہی۔

اسکول پرنسپل کے مطابق اجازت نامے کی شرط اور کورونا وائرس وبا کے خوف کی وجہ سے زیادہ تر والدین ابھی اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے کو راضی نہیں ہیں۔

وہیں سرکار کی جانب سے ایس او پی جاری ہونے کے باوجود مدارس منتظمین اور طالب علموں کے والدین ابھی مطمئن نہیں ہیں جس وجہ سے مدارس میں بھی باضابطہ طور پر ابھی یعنی 19 اکتوبر سے آف لائن کلاسز کی شروعات نہیں ہو سکی۔

اس سال ہونے والے بورڈ امتحانات کے پیش نظر حکومت نے 9 ویں جماعت سے لیکر بارہویں تک کے بچوں کی آف لائن کلاسز شروع کرنے کی اجازت تو دے دی ہے لیکن کورونا وائرس وبا کے خطرے کے پیش نظر زیادہ تر والدین ابھی اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے کو لیکر مطمئن نہیں ہیں۔