نئی دہلی: اپنے وقت کی مشہور اداکارہ مینا کماری (Meena Kumari) صرف 38 سال کی عمر میں دنیا کو الوداع کہہ گئیں۔ یکم اگست 1933 کو پیدا ہونے والی مینا کماری نے 31 مارچ 1972 کو آخری سانس لی۔ مینا کماری کی زندگی جدوجہد سے بھرپور تھی۔ آج ہم مینا کماری کے کچھ ان سنے پہلوؤں کے بارے میں بات کرنے جارہے ہیں، جنہیں جان کر آپ حیران رہ جائیں گے۔
رپورٹس کے مطابق گھر میں پہلے سے ہی دو بیٹیاں ہونے کے بعد جب مینا پیدا ہوئیں تو ان کے والد انہیں ایک مسلم یتیم خانے کے باہر چھوڑ آئے تھے لیکن بعد میں ان کی بیوی کے آنسوؤں نے انہیں گھر لانے پر مجبور کر دیا تھا اور مینا کو گھر واپس لے آئے۔ صرف 4 سال کی عمر میں مینا کماری نے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ ان کی پہلی فلم 'لیدر فیس' سال 1939 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں انھوں نے بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کیا تھا۔ رپورٹس کی مانیں تواس فلم کے لیے انھیں 25 روپے ملے تھے۔
دیکھتے ہی دیکھتے مینا بڑے پردے پر چھاتی چلی گئیں اور پھر ایک دن کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی اداکارہ مینا کماری نے فلم ڈائریکٹر کمال امروہی سے شادی کر لی۔ کہا جاتا ہے کہ کمال مینا کو لیکر انتہائی possessive رویہ رکھتے تھے۔ جس کی وجہ سے مینا بھی کافی پریشان رہتی تھیں، پھر آہستہ آہستہ دونوں کے تعلقات خراب ہوتے چلے گئے اور آخر کار دونوں کی راہیں جدا ہوگئیں، ان کی شادی ٹوٹ گئی۔
کچھ رپورٹس کے مطابق تو مینا اپنی زندگی میں اتنی تنہا ہو چکی تھیں کہ انہوں نے شراب کا سہارا لینا شروع کر دیا تھا۔ یہی نہیں بلکہ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ شوہر سے علیحدگی کے بعد وہ پتھر جمع کر کے اپنے پاس رکھ لیتی تھیں اور رات کو اپنے بستر پر پتھروں کے ساتھ سوتی تھیں۔ مینا ان پتھروں سے باتیں بھی کیا کرتی تھیں۔ ایک دفعہ ان سے پوچھا گیا کہ آپ کو پتھروں سے اتنا لگاؤ کیوں ہے؟ تو ان کا جواب تھا کہ یہ پتھر اتنے اچھے ہیں کہ خاموش رہتے ہیں جب میں ہنستی ہوں تو ہنستے ہیں اور جب میں روتی ہوں تو روتے ہیں۔ جب میں انہیں ڈانٹتی ہوں تو وہ خاموش رہتے ہیں۔ یہ بھی کہا جاتا تھا کہ ان کی موت ضرورت سے زیادہ شراب پینے کی وجہ سے ہوئی، کیونکہ وہ لیور سیروسس جیسی بیماری کا شکار ہو چکی تھیں۔