نئی دہلی: اینگلو انڈین خاندان سے تعلق رکھنے والی تجربہ کار اداکارہ ہیلن جب اسکرین پر نظر آتی تھیں تو لوگ دانتوں تلے انگلیاں چبانے پر مجبور ہو جاتے تھے۔ ایسا لگتا ہے کہ ان کی حیرت انگیز رقص کی صلاحیت مرکزی اداکارہ کو بھی ٹکر دیتی تھی۔ ہیلن اپنے دور کی زیادہ تر فلموں میں آئٹم سانگ کرتی تھیں۔ آج ہم آپ کو اس رپورٹ میں ان کی زندگی سے جڑی کچھ باتیں بتانے جارہے ہیں۔
ہیلن کے آئٹم سانگ کا مطلب ہے فلم ہٹ
ان دنوں اگر ہیلن کا کسی فلم میں آئٹم نمبر ہوتا تو لوگ رلیز سے پہلے ہی اندازہ لگا لیتے تھے کہ فلم ہٹ ہونے والی ہے۔ ہر کوئی اس کے ڈانسنگ ٹیلنٹ کا دیوانہ ہوا کرتا تھا۔ آج بھی اداکارہ کے ڈانس کے چرچے کم نہیں ہوئے۔ 60، 70 اور 80 کی دہائیوں میں ہیلن کی ڈانسنگ پرفارمنس کی بہت چرچا تھی۔ کئی فلموں میں وہ مرکزی اداکارہ تک پر چھائی ہوئی نظر آتی تھیں۔
ایک ایسا دور جب بالی ووڈ کا مطلب صرف دمدار ہیرو اور طاقتور ولن ہی ہوتا تھا اس دور میں انٹری ہوئی ہیلن کی۔ ایک ایسی ڈانسر جس نے خود کو 50 دہائی کی فلموں کا ضروری حصہ بنا لیا۔ برما سے پہلے کولکاتہ اور پھر ممبئی پہنچی ہیلن کی زندگی میں کئی اتار۔چڑھاؤ آئے۔ ہیلن نے پہلی شادی خود سے 27 سال بڑے ڈائریکٹر این پی اروڑہ سے کی لیکن اپنے 35ویں یوم پیدائش پر انہوں نے یہ رشتہ توڑ دیا۔ اس کے بعد ان کی زندگی نے ایک نیا موڑ لیا اور انہیں رائٹر سلیم خان سے پیار ہوگیا۔ ہیلن اور سلیم خان کی یہ لو۔اسٹوری اتنی آسان نہیں تھی جتنی آج اس کنبے کی تصویریں دیکھنے سے لگتی ہیں۔
سلیم خان کی دونوں بیویوں اور بچے اکثر ساتھ میں ہنستے۔ مسکراتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ کئی مواقع پرسلمان خان اپنی سوتیلی ماں ہیلن کا ہاتھ پکڑے بھی نظر آتے ہیں لیکن میڈیا رپورٹس کی مانیں تو جب سلیم خان اور ہیلن کے رشتے کو منظوری دینی تھی تب سلیم خان کے بچے اس رشتے کیلئے تیار نہیں تھے۔ سلمان خان ، ارباز خان، سہیل خان اور الویرہ، سلیم خان اور سلمہ خان کے بچے ہیں۔ سلمہ خان کا اصلی نام سشیلا ہے اور 1964 میں سلیم خان سے شادی کرنے کے بعد سشیلا چرک نے اپنا نام سلمہ خان رکھ لیا۔ 1975 کے بعد سلیم خان کی زندگی میں ہیلن کی انٹری ہو چکی تھی۔
یوں تو سلیم خان شادی سے پہلے سے ہیلن کو جانتے تھے لیکن سلمہ خان سے شادی کے بعد وہ اپنے کام میں لگ گئے اور سلمی اپنے بچوں میں مصروف ہوگئیں۔ وہیں سلیم دھیرے۔دھیرے ہیلن کے قریب آگئے۔ جب کنبے کے سامنے ان دونوں کے رشتے کی بات آئی تھی تو سلمہ اس کیلئے تیار نہیں تھیں۔ ان کے چاروں بچے یعنی سلمان خان، ارباز خان، سہیل خان اور الویرہ بھی ماں کے ساتھ ہی تھے۔ حالانکہ وقت کے ساتھ ہیلن کو اس فیملی نے اپنا لیا اور آج سلمان خان اپنی دونوں ماؤں کو خوب پیار کرتے ہیں۔