ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد کرکٹ کو الوداع کہیں گے شین واٹسن

آسٹریلیا کے آل راؤنڈر کھلاڑی شین واٹسن نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے ۔ وہ ٹی -20 ورلڈ کپ کے بعد آسٹریلیائی ٹیم سے ریٹائر ہوجائیں گے ۔ واٹسن پہلے ہی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں ۔ انہوں نے گزشتہ سات ستمبر کے بعد سے اپنے ملک کے لئے ون ڈے کرکٹ نہیں کھیلا ہے ۔

واٹسن موجودہ آسٹریلیائی ٹیم میں 2000 کی دہائی کی اس ٹیم کی نمائندگی کرتے ہیں، جس نے کئی سالوں تک عالمی کرکٹ پر راج کیا تھا ۔ واٹسن کا کریئر 14 سال کا ہے ۔ کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں آسٹریلیا کے کپتان رہ چکے واٹسن نے یہ بھی کہا کہ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں ، جس میں وہ ایشیز ٹور کے بعد سے نہیں کھیلے ہیں ۔

واٹسن نے جس دن بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا تھا ، اسی دن انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ۔ واٹسن نے پہلی مرتبہ 24 مارچ 2002 کو اپنے ملک کے لئے سنچورین میں جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے میچ کھیلا تھا ۔

اب جب کہ وہ 34 سال کے ہو چکے ہیں اور پاکستان کے خلاف ایک اہم ٹی - 20 مقابلے کے لئے تیار ہیں ، دو بچوں کے والد واٹسن نے صاف کر دیا کہ ان کے لئے زندگی کے دوسرے مرحلے میں داخل ہونے کا وقت آ گیا ہے ۔

واٹسن نے اپنے ملک کے لئے 190 ون ڈے میچ ، 56 ٹی - 20 میچ اور 59 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں ۔ وہ کرکٹ کی تاریخ کے سات ایسے کھلاڑیوں میں شامل ہیں ، جنہوں نے 10 ہزار سے زائد رنز اور 250 سے زیادہ وکٹ لئے ہیں ۔

واٹسن نے ٹیسٹ میں 3731 ، ون ڈے میچوں میں 5757 اور ٹی - 20 میں 1400 رنز بنائے ہیں ۔ ٹیسٹ میں ان کے نام 75 ، ون ڈے میچوں میں 168 اور ٹی - 20 میچوں میں 46 وکٹ درج ہیں ۔