کابل : افغانستان سے امریکی افواج سمیت غیرملکی افواج کے انخلاء کے بعد کابل کے حامد کرزئی بین الاقوامی ہوائی اڈہ کے سیکورٹی انتظام سنبھالنے کے لئے امریکہ اور ترکی کے درمیان اتفاق پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے طالبان نے انتباہ دیا ہے۔ طالبان نے امریکی افواج کے نکل جانے کے بعد ترکی کو افغانستان میں موجودگی کو توسیع دینے سے خبردار کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ فیصلہ 'قابل نفرت' ہے۔
فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ایک بیان میں طالبان نے کہا ہے کہ 'یہ فیصلہ غلط مشورے پر مشتمل ہے اور ہماری خود مختاری، علاقائی سالمیت کے ساتھ ساتھ قومی مفادات کی خلاف ورزی ہے'۔ طالبان کا یہ بیان ترکی کے اس وعدے کے بعد سامنے آیا کہ جب غیر ملکی افواج آئندہ ماہ افغانستان سے نکل جائیں گی تو وہ کابل ایئرپورٹ کو تحفظ فراہم کرے گا۔