
جموں وکشمیر میں ہفتہ کو ڈٰی ڈی سی الیکشن کے پہلے مرحلے اور پنچایت ضمنی انتخابات کے لئے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ ان انتخابات میں کل 1427 امیدوار میدان میں ہیں۔

سات لاکھ رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں گے۔ ریاستی الیکشن کمشنر کے کے شرما نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ووٹنگ کے لئے 2146 ووٹنگ مراکز بنائے گئے ہیں۔

شرما نے بتایا ' پہلے مرحلے میں 7 لاکھ ووٹرز اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں گے۔ ان 7 لاکھ ووٹرز میں سے کشمیر ڈویژن میں 3.72 لاکھ ووٹرز ہیں اور جموں ڈویژن میں 3.28 لاکھ رائے دہندگان ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مرکز کے زیر انتظام خطے میں ضلع ترقیاتی کونسل الیکشن کے لئے کل 280 انتخابی حلقے ہیں۔ پہلے مرحلے میں ان میں سے 43 حلقوں میں صبح 7 بجے سے دوپہر 2 بجے تک ووٹنگ ہو گی۔

الیکشن کمشنر نے کووڈ-19 کے پیش نظر لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ رہنما خطوط پر عمل کرتے ہوئے ووٹنگ مرکز پر ماسک پہنیں اور سماجی دوری پر عمل کریں۔