جنوبی کشمیر: جنوبی ضلع اننت ناگ کے شمسی پورہ علاقہ میں ملیٹینٹوں نے فوج کی روڈ اوپننگ پارٹی پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک فوجی جوان شہید ہو گئے جبکہ 3 دیگر زخمی ہوگئے ، جن کو ابتدائی علاج کے بعد 92 بیس آرمی اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق یہ حملہ اس وقت انجام دیا گیا جب فوج کی آر او پی جموں سرینگر قومی شاہراہ کا مشاہدہ کر رہی تھی اور ایک زور دار دھماکہ ہوا۔ جس کے بعد گولیاں چلنے کی آوازیں بھی سنی گئیں ۔ ( تصویر اور رپورٹ : پیر مدثر احمد )
فوج نے ابتدائی طور پر اسے گرینیڈ حملہ قرار دیا تھا ۔ تاہم سیکورٹی ذرائع کے مطابق یہ آئی ای ڈی حملہ بھی ہو سکتا ہے۔ جس کو نزدیکی اسکول کے پاس نصب کیا گیا تھا۔ جبکہ اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہے ۔ جائے واردات کے نزدیک قائم اسکول بلڈنگ کو بھی دھماکہ کی وجہ سے شدید نقصان پہنچا ہے ۔ اسکول کی چھت بھی مکمل طور پر ٹوٹ گئی ہے ۔
حساسیت کی رو سے ہر روز قومی شاہراہ کے مختلف مقامات پر فوج اور دیگر سیکورٹی ایجنسیاں مشاہدہ کرتی ہیں ، جس کے بعد پی سیکورٹی قافلوں کا ان علاقوں سے گزر ہوتا ہے ۔ اسی طرح کے عمل کے دوران آج دہشت گردوں نے فوج کی اس آر او پی کو نشانہ بنایا ۔ پولیس نے اس ضمن میں معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔