بھارت بند کے دوران بس میں تھوڑ پھوڑ ، مغربی بنگال میں ٹرینیں تھمیں ، دیکھیں تصاویر
بھارت بند کا اثر ملک کی کئی ریاستوں میں دیکھنے کو ملا ۔ مغربی بنگال میں مظاہرین نے ریلوے ٹریک پر جام لگا دیا ، جس کی وجہ سے 42 ٹرینیں رد کرنی پڑگئیں ۔

کولکاتہ سینٹرل ٹریڈ یونینوں کے ذریعہ بدھ کو بھارت بند کا کئی طرح بینکنگ خدمات پر اثر نظر آیا ۔ مغربی بنگال ، کیرالہ اور شمال مشرقی ریاست آسام میں ہڑتال کی وجہ سے سڑک اور ریل ٹریفک بھی متاثر ہوا ۔ بھارت بند کا وسیع پیمانے پر اثر بنگال میں نظر آیا ۔ یہاں ہاوڑہ سے کل 42 ٹرینیں منسوخ کردی گئیں۔ تاہم سرکاری دفاتر میں 90 فیصد سے زیادہ حاضری درج کی گئی ۔

مغربی بنگال میں مظاہرین نے ہاوڑہ اور شمالی 24 پرگنہ میں ریلوے پٹریوں پر جام لگایا ۔ اسی دوران مظاہرین نے کوچ بہار میں ایک بس میں توڑ پھوڑ بھی کی ۔

اڑیسہ میں ٹریڈ یونینوں کے ذریعہ کئے گئے بھارت بند کے دوران 500 سے زائد مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ۔ حراست میں لئے گئے لوگوں میں مختلف ٹریڈ یونینوں کے ممبران اور کانگریس پارٹی کے کارکنان شامل ہیں۔

بھارت بند کا اثر پنجاب میں بھی نظر آیا ۔ پنجاب کے امرتسر میں مظاہرین نے ریلوے ٹریک کو جام کردیا۔ دوسری طرف دہلی میں ٹریڈ یونین کے ذریعہ مارچ نکالا گیا۔

کیرالہ میں حکومت کی پالیسیوں کے خلاف بلائے گئے بھارت بند کے دوران ٹریڈ یونین کے اراکین نے ترواننت پورم میں مارچ نکالا ۔

اس ملک گیر ہڑتال میں 10 مرکزی ٹریڈ یونینوں کے اراکین کے ساتھ مختلف علاقائی فیڈریشنز نے بھی حصہ لیا ۔