
مجاہد آزادی اور آزاد ہند فوج کے بانی نیتا جی سبھاش چندر بوس کا 23 جنوری کو یوم پیدائش ہے ۔ مہاتما گاندھی ، نہرو ، مولانا آزاد اور دیگر مجاہدین کی طرح سبھاش چندر بوس کا میرٹھ سے خاص تعلق رہا ہے ، جس کی نشانیاں اور کہانیاں آج بھی موجود ہیں ۔

سن 1940 میں ملک چھوڑنے سے پہلے سبھاش چندر بوس میرٹھ آے تھے اور میرٹھ کے ٹاؤن حال میں لوگوں سے ملاقات کرنے کے ساتھ ہی یہاں کے لوگوں کے دلوں میں جنگ آزادی میں شامل ہونے کی لو جلائی ۔

میرٹھ میں ٹاؤن حال اور گھنٹہ گھر کے علاوہ یہاں کے میوزیم میں نیتا جی اور ان کی آزاد ہند فوج سے وابستہ کئی نشانیاں اور نایاب تصویریں آج بھی موجود ہیں ، جو نیتا جی کے میرٹھ دورے کے مقصد کی یادوں کو تازہ کرتی ہیں ۔

گاندھی کی طرح سبھاش چندر بوس کا مقصد بھی ہندوستان کی آزادی تھا اور اس سے کم کچھ بھی ان کو منظور نہیں تھا ۔

ملک کی آزادی کے لئے گاندھی تحریک اہنسا ( عدم تشدد ) کے نعرے کے ساتھ شروع ہوئی جبکہ سبھاش چندر بوس کا راستہ ملٹری تحریک کے ذریعہ ملک کو آزاد کرانا تھا ۔

جانکاروں کے مطابق ملک چھوڑنے سے قبل بوس کا میرٹھ دورہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پہلی جنگ آزادی کے مرکز رہے میرٹھ کے مجاہدین سے سبھاش چندر بوس نہ صرف متاثر تھے ، بلکہ ملک کی مشترکہ تہذیب اور آپسی اتحاد کے ذریعہ آزادی کے مقصد کو حاصل ہوتے ہوئے بھی دیکھ رہے تھے ۔