جھارکھنڈ کے بوکارو میں واقع جنرل اسپتال میں ایک بی ایس ایف جوان کی تڑپ تڑپ کر جان چلی گئی ۔ بی ایس ایف جوان اودے شنکر شرما کی بد قسمتی یہ رہی کہ اس کے جیتے جی کورونا کی جانچ رپورٹ نہیں آئی ، جس وجہ سے ڈاکٹر نے علاج شروع نہیں کیا ۔ جوان کے اہل خانہ نے اسپتال انتظامیہ پر لاپروائی کا الزام لگایا ہے ۔ اس حادثہ کے بعد بی ایس ایف جوان کے اہل خانہ کا رو رو کر برا حال ہے ۔
22 جولائی کو ان کے اہل خانہ نے کیمپ سے لاکر انہیں بوکارو کے جنرل اسپتال میں داخل کرایا ، لیکن اسپتال کے ڈاکٹروں نے جوان کا علاج کرنے سے یہ کہتے ہوئے منع کر دیا کہ کورونا جانچ رپورٹ جب تک نہیں آتی ہے ، تب تک وہ علاج شروع نہیں کریں گے ۔ غور طلب ہے کہ اسپتال میں داخلے کے بعد 23 جولائی کو بی ایس ایف جوان کا کورونا ٹیسٹ کے لئے سیمپل لیا گیا تھا ۔
متوفی جوان کی شریک حیات کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر کو بتایا گیا تھا کہ ان کے شوہر ڈپریشن اور شوگر کے مریض ہیں ، اس کے باوجود ڈاکٹر نے بالکل توجہ نہیں دی ۔ جوان کے بہنوئی مہندر پرساد شرما نے کہا کہ متوفی جوان کا بلڈپریشر اور شوگر کافی ہائی ہو گیا تھا ، لیکن ڈاکٹروں کے علم میں لانے کے باوجود توجہ نہیں دی گئی ۔ انہوں نے صاف طور پر کہا کہ ڈاکٹروں کی لاپروائی کی وجہ کر ہی جوان کی موت ہوئی ہے ۔