کبھی قومی سطح کی کھلاڑی رہی مادو رانی آج چاکولیہ کے پبلک ہیلتھ سینٹر میں آؤٹ سورسنگ میں کام کرنے پر مجبور ہے ۔ جھارکھنڈ کے گھاٹ شلہ میں واقع چاکولیہ کی باشندہ مادو رانی مارڈی نے تیراندازی کے مقابلے میں اپنے ضلع اور ریاست کا نام روشن کیا تھا ۔ قومی سطح کے مقابلے میں کئی میڈل حاصل کر کے انہوں اپنی ریاست کا نام روشن کیا ، لیکن آج وہ سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر مستقل سرکاری ملازمت کا مطالبہ کر رہی ہیں ۔
سابقہ بی جے پی حکومت نے اپنا کورم پورا کرنے کے لئے مادہ رانی مارڈی کو چاکولیہ کے پبلک ہیلتھ سینٹر میں عارضی ملازمت پر تو دیدی ، لیکن آؤٹ سورسنگ میں ہر ماہ تنخواہ بھی نہیں ملتی ہے ۔ مادو رانی مارڈی گذشتہ مارچ ماہ سے تنخواہ سے محروم ہیں ، جس کی وجہ سے اس کے گھر کی مالی حالت انتہائی خراب ہو گئی ہے ۔ مادو رانی مارڈی کے شوہر پھاگوناتھ سورین پیشے سے ڈرائیور ہیں ۔
مادو رانی مارڈی کو امید ہے کہ اس مرتبہ ریاست کی موجودہ ہیمنت سورین حکومت قومی سطح کی سابقہ کھلاڑی کو مستقل ملازمت فراہم کرے گی ۔ اسی امید میں مادو رانی جے ایم ایم کے بہراگوڑا اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے سمیر مہنتی سے ملاقات کر کے اپنی حالت زار کو بیان کیا اور ساتھ ہی مدد کی فریاد کی ۔ رکن اسمبلی سمیر مہنتی کو مادو رانی مارڈی نے اپنے تمام سرٹیفکیٹ بھی دکھائے ۔ اس موقع پر سمیر مہنتی نے مادو رانی کے تیر اور دھنوس کو بھی دیکھا اور خود بھی نشانہ لگایا ۔
سمیر مہنتی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ ان کے حلقے میں قومی سطح کی کھلاڑی موجود ہیں ۔ رکن اسمبلی سمیر مہنتی نے مادو رانی مارڈی کو بھرپور مدد کا یقین دلایا اور ساتھ ہی وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سے ملاقات کرانے کا بھی دلاسہ دیا ۔ اس موقع پر سمیر مہنتی نے اعلان کیا کہ آئندہ نو اگست کو بین الاقوامی یوم آدیواسی کے موقع پر وہ تیراندازی تربیتی پروگرام کی شروعات کریں گے ، جس میں مادو رانی مارڈی کو بطور ٹرینر بحال کیا جائے گا ۔( رپورٹ : نوشاد عالم ) ۔