آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی مجلس عاملہ کی اہم میٹنگ آج لکھنؤ کے ندوۃ العلما میں منعقد کی گئی۔ مولانا رابع حسنی ندوی کی صدارت میں منعقدہ اس میٹنگ میں عدالتوں میں مسلم پرسنل لا کے خلاف دائر ہونے والے مقدمات کے سد باب، طلاق ثلاثہ اور دین بچاو، دستور بچاو تحریک سمیت اہم موضوعات پرغور وخوض کیا گیا۔ ساتھ ہی بورڈ کے تحت کام کرنے والی ذیلی کمیٹیوں کی کارگزاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔
اس موقع پر مولانا ولی رحمانی نے کہا کہ کچھ لوگ اجتہاد کے نام پر بورڈ کی کارگزاریوں پر تنقید کرتے رہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ بورڈ اپنے دائرہ کار سے باہر نکل کر بہ نام اجتہاد کوئی نئی پیش رفت بھی کرے، لیکن ان میں بیشتر لوگ وہ ہیں جنہیں اجتہاد وسماج اور شریعت کا مکمل علم نہیں ۔ لہٰذا بورڈ کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے اور اسی ذمہ داری کے احساس کے ساتھ بورڈ سنجیدہ پیش رفت کرے گا۔