ملک کے پرانے اور تاریخی شہروں میں ایک اہم نام مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتا شہر کا بھی ہے۔ کولکاتا شہر کو خوشیوں کا شہر بھی کہا جاتا ہے۔ یہ شہر اپنی گنگا جمنی تہذیب و ثقافت کے لٸے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ شہر بھر میں نہ صرف تاریخی یادگاریں بھری پڑی ہیں بلکہ کولکاتہ کی سڑکوں پر دوڑتی ٹرام کی سواری بھی لوگوں کو متاثر کرتی ہے، بجلی سے چلنے والی یہ عوامی سواری لوگوں کو خوب متوجہ کرتی ہے۔ (رپورٹ اور تصاوریر: شبانہ جاوید۔ کولکاتہ)
ٹرین جیسی نظر آنے والی یہ ٹرام کولکاتہ کے مختلف علاقوں میں سواری کے طور پر استعمال ہوتی ہے۔ کولکاتہ آنے والے سیاح بھی اس سواری کا خوب مزہ لیتے ہیں۔ اس سواری میں اب ایک خاص اضافہ ہونے جارہا ہے یعنی اب اپ ٹرام میں بیٹھ کر اپنی من پسندیدہ کتابیں بھی پڑھ سکیں گے کیونکہ ٹرام میں اج سے لائبریری سروس بھی شروع ہوچکی ہے۔ اپنی نوعیت کے اس پہلے ٹرام میں لوگ بیٹھ کر لاٸبریری سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔
کولکاتہ کی سڑکوں پر مختلف طرح کی سواریوں کے ساتھ دھیمے انداز میں دوڑتی ٹرام سروس کی شروعات 1873 میں ہوٸی تھی۔ اس وقت گھوڑے کے ذریعہ اس سواری کو کھینچا جاتا تھا لیکن بدلتے وقت کے ساتھ اس میں بھی تبدیلی آئی۔ یہ شہر کی خاص سواری تھی جو لوگوں کو دفتر، اسکول اور ان کے مطلوبہ مقامات پر پہنچانے میں اہم کردار اداکرتی تھی۔ تاہم بدلتے وقت کے ساتھ جہاں زندگی نے رفتار پکڑی وہیں بجلی سے چلنے والی اس ٹرام سروس کی اسپیڈ دھیمی ہوگئی اور دفترکے اوقات میں لوگوں کے ذریعہ ٹرام کی سواری کا استعمال کم ہوگیا۔ جبکہ بزرگ اور بچے اج بھی اس سواری کو پسند کرتے ہیں۔ ساتھ ہی شہر کی سیر کرانے کے لئے بھی ٹرام کو کرائے پر حاصل کیا جاسکتا ہے۔ لوگوں کو متوجہ کرنے کے لئے ٹرام مں ایک آج سے ایک نئی شروعات ہوٸی جو اپنی نوعیت میں ملک کی منفرد سواری کے طور پر دیکھی جارہی ہے۔
مغربی بنگال ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر راجنویر سنگھ کپور نے بتایا کہ ٹرام لائبریری میں کتابیں اور رسائل دستیاب ہوں گے جس میں مغربی بنگال پبلک سروس، جی آر ای یا جی ایم اے ٹی کے لئے رسائل بھی دستیاب ہوں گے۔ ساتھ ہی ٹرام جہاں سے گزرے گی اس روٹ میں انیوالے مختلف تعلیمی اداروں کے قارئین کو بھی راغب کیا جا سکے گا۔
لائبریری ٹرام شہر کے شیام بازار سے ایسپلانیڈکے درمیان چلائی جائے گی۔ اس روٹ میں تعلیمی ہب کے طور پر مشہور کالج اسٹریٹ کے ساڑھے چار کلومیٹر کے فاصلے کو بھی طے کرکے ٹرام کالج اسٹریٹ سے گزرے گا۔ اس روٹ پر قریب 30 تعلیمی ادارے ہیں، جن میں کلکتہ یونیورسٹی اور پریسیڈینسی یونیورسٹی، اسکاٹش چرچ کالج، ہندو کالج شامل ہیں۔ ٹرام لائبریری میں مفت وائی فائی کی سہولت بھی دستیاب ہوگی تاکہ لوگ سفر کے دوران ای کتابیں بھی پڑھ سکیں۔ (رپورٹ اور تصاوریر: شبانہ جاوید۔ کولکاتہ)