لاک ڈاؤن میں سبزی فروخت کرنے پر مجبور چیمپئن تیرانداز سونی خاتون کو اب ضلع انتظامیہ کا سہارا مل گیا ہے۔ جھارکھنڈ کے دھنباد ضلع کے جوڑا پوکھر تھانہ علاقے کے جیول گورا شالیمار کی باشندہ چیمپئن تیرانداز سونی خاتون کو ڈپٹی کمشنر امیت کمار نے اپنے دفتر بلاکر چیمپیئن تیرانداز کو بیس ہزار روپے کا چیک فراہم کیا ہے ساتھ ہی یقین دلایا ہے کہ اس کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔رپورٹ اور تصویریں، نوشاد عالم: رانچی
چیک ملنے کے بعد تیرانداز سونی خاتون نے کہا کہ یہ رقم تیر اور دھنوس خریدنے کے لئے فراہم کیا گیا ہے اس لیے وہ اس رقم سے دھنوس خرید کر اپنی لیاقت کو آگے بڑھائے گی اور وہ ایک بین الاقوامی کھلاڑی بن کر دکھائیگی۔ سونی نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر نے اسے مستقبل میں ہر ممکن مدد کرنے کا یقین دلایا ہے اور ورلڈ چیمپئن بن کر دکھانےکو کہا ہے۔
دھنوس کی عدم دستیابی کی وجہ کر بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں نہیں لے سکی تھی حصہ:والدہ شکیلہ خاتون اور والد محمد ادریس نے بھی اس کے لیے ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ واضح رہے کہ کچھ دنوں قبل جیول گورا کڈس گارڈن کے پاس سونی خاتون کو سبزی فروخت کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا تب سونی نے بتایا کہ اس کے پاس دھنوس نہیں ہے اس لیے وہ قومی اور بین الاقوامی تیراندازی ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے پا رہی ہے جبکہ اسکول سطح پر قومی ٹورنامنٹ میں ایوارڈ حاصل کر چکی ہے۔
خاندان کی مالی بدحالی کی وجہ کر تعلیم کا سلسلہ ہوا منقطع: 23 سالہ سونی خاتون کا خاندان مالی بدحالی کا شکار ہے اس وجہ کر اس کی تعلیم کا سلسلہ منقطع ہوگیا وہیں مالی بدحالی کی وجہ کر گھر چلانے کے لئے اسے سبزی فروخت کرنا پڑا ہے۔ سونی خاتون کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مسائل کو لے کر کئی بار سابقہ وزیرکھیل سے گوہار لگا چکی ہے لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی وہیی بی جے پی لیڈر نے بھی جیول گورا شالیمار واقعہ اس کے گھر جاکر سونی خاتون کی حوصلہ افزائی کر چکی ہیں اور ہر طرح کی مدد کا یقین بھی دلایا ہے۔