مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات سے پہلے بی جے پی کی تشہیری مہم کو رفتار دیتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو مغربی مدناپور ضلع میں روڈ شو کیا ۔ روڈ شو مقامی بی جے پی دفتر پریم ہری بھون سے شروع ہوا اور تقریبا ایک کلو میٹر کی دوری طے کرنے کے بعد اس کا اختتام مالنچا پٹرول پمپ پر ہوا ۔
شاہ کے ساتھ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ اور ریاستی صدر دلیپ گھوش بھی تھے ۔ غروب آفتاب کے بعد شروع ہوئی ریلی میں بی جے پی کے ہزاروں حامی شامل ہوئے ۔
امت شاہ نے لوگوں کا شکریہ ادا کیا ۔ اس دوران ان کے ساتھ کھڑگپور صدر سیٹ سے پارٹی کے امیدوار ہرن چٹرجی بھی موجود تھے ۔ چٹرجی ایک ایکٹر ہیں ۔
روڈ شو کے بعد یہاں موجود حامیوں کو خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے ممتا سرکار پر کرارا حملہ بولا ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں امڈی بھیڑ تبدیلی کی نشانی ہے ۔ بنگال میں پولرائزیشن کی سیاست اب نہیں چلے گی ۔
اپنے خطاب میں امت شاہ نے دعوی کیا کہ مغربی بنگال میں بی جے پی 200 سے زیادہ سیٹیں جیت کر اکثریت کی حکومت بنائے گی ۔ شاہ نے کہا کہ سرکار تشکیل دینے کے بعد بی جے پی بنگال سے پولرائزیشن کو ختم کرے گی ۔ بدعنوانی اور رنگداری وصولی کے کلچر کو پوری طرح سے ختم کیا جائے گا۔ ( تصاویر : اے این آئی اور امت شاہ ٹویٹر) ۔