حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ سفر حج پر روانہ ہونے والے عازمین کی حج درخواستیں داخل کرنے کا سلسلہ دو جنوری سے شروع ہوجائے گا۔ یہ مژدہ سناتے ہوئے اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) مختار عباس نقوی نے کہا کہ مرکزی حکومت حج کے لئے عازمین حج سے آن لائن درخواست دینے کو بڑے پیمانے پر حوصلہ افزائی کر رہی ہے تاکہ آسانی اور شفافیت کے ساتھ لوگ حج کے لئے درخواست دے سکیں۔
مسٹر نقوی نے کہا کہ حج 2016 کے دوران تقریبا 45843 آن لائن درخواست موصول ہوئی تھیں جو کل درخواستوں کا تقریبا 11 فیصد تھا۔ سب سے زیادہ 10960 آن لائن درخواست مہاراشٹر سے حاصل ہوئی تھی۔ 9257 آن لائن درخواست کیرالہ سے 5،407 آن لائن درخواست اتر پردیش سے 2983 درخواست تلنگانہ سے؛ 2426 درخواست جموں اور کشمیر سے 2425 آن لائن درخواست گجرات سے حاصل ہوئی تھی۔