شہریت ترمیمی قانون کے خلاف پورے ملک میں ہونے والے احتجاج میں دارالحکومت دہلی کے شاہین باغ اور جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ایک نئی عبارت لکھی ہے۔ جامعہ نگر کے شاہین باغ علاقے میں خواتین اس قانون کے خلاف تقریباً ایک ماہ سے تحریک چلا رہی ہیں۔ یہ تحریک ہر روز ایک نئی اور انوکھی شکل اختیار کرتی جارہی ہے۔ آج یہاں جو آرٹ اور فنون کی مثال پیش کی گئی ہے، اس کو دیکھنےکےلئے ہزاروں کی تعداد میں لوگ جمع ہو رہے ہیں۔ اس پینٹنگ کو بنانےکی ذمہ داری جامعہ ملیہ اسلامیہ اور جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طلباء وطالبات نے نبھائی ہے۔ تصویر: اسلم مقبول
شاہین باغ علاقے میں سی اے اے اور این آر سی کی مخالفت میں جاری احتجاجی مظاہرہ گزشتہ سال پندرہ دسمبر کو شروع ہوا تھا۔ تقریبا تین ہفتہ سے زائد کی مدت گزر جانے کے باوجود بھی مظاہرہ میں شامل مرد وخواتین اور بچوں کا حوصلہ وجذبہ کم ہونے کے بجائے دن بدن بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ آئے دن مظاہروں میں تیزی آ رہی ہے۔ اسی ضمن میں یہاں نئی دہلی کے انڈیا گیٹ کی طرز پر من وعن بنایا گیا۔ یہ مصنوعی انڈیا گیٹ لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔