اقلیتوں کے امور کی وزارت اقلیتی فرقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو بہتر روایتی اور جدید تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے عالمی پیمانے کے تعلیمی ادارے قائم کرے گی۔ یہ بات اقلیتی امور کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور پارلیمانی امور کے وزیر مملکت مسٹرمختار عباس نقوی نے آج یہاں مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جنرل باڈی کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
مسٹرنقوی نے کہا ہے کہ آج یہاں منعقدہ میٹنگ میں اقلیتی فرقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کو تعلیمی طور پر بااختیار بنانے اور انہیں ہنر مند بنانے کے سلسلے میں متعدد اہم فیصلے لئے گئے ہیں۔ ان فیصلوں میں ’’بیگم حضرت محل گرلز اسکالر شپ ‘‘ اور پورے ملک میں ’’غریب نواز اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر ‘‘کاقیام شامل ہے۔
بارہویں منصوبے کے دوران ایم ایس ڈی پی کے تحت مختلف ریاستوں کو تقریباً 5300 کروڑ روپے دئے گئے۔ ان میں اترپردیش 1200کروڑ روپے، مغربی بنگال 1600 کروڑ روپے، آسام 400 کروڑ روپے، بہار 550 کروڑ روپے، اروناچل پردیش 190 کروڑ روپے، تریپورہ 162 کروڑ، کرناٹک 157 کروڑ، راجستھان 140 کروڑ اور تلنگانہ 118 کروڑ روپے شامل ہیں۔