ملک بھر حج بیت اللہ2017کے لیے درخواست فارم کی تقسیم اور جمع کرنے کا عمل 2 جنوری2017سے بروز پیر سے باضابطہ طور پر شروع ہو چکا ہے۔قومی راجدھانی دہلی سمیت ملک بھر میں حج فارم تقسیم اور جمع کئے جارہے ہیں۔ حج فارم بھرنے کا سلسلہ 24 جنوری2017تک جاری رہے گا۔ علاوہ ازیں مرکزی وزیر مختار عباس نقوی حج موبائیل ایپلی کیشن لانچ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس سے عازمین کو سفر حج میں خاطر خواہ آسانی ہوگی۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے حج منزل میں آج پہلے دن ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر نے حج فارم کے سلسلے میں عازمین کو مفصل معلومات فراہم کرائی ۔ اس موقع پر حج کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد اشراق خان، حکومت دہلی کے وزیر خوراک و رسد عمران حسین ،حج کمیٹی کے ممبر جناب نصرالدین سیفی ،ایگزیکٹو افسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو افسرمحسن علی اور حج رضاکار تنظیم گروپ آف حج اینڈ شوشل ویلفیئر کے اراکین و رضاکاران بڑی تعداد میں موجود تھے۔
گجرات حج کمیٹی کی جانب سے بھی حج کے فارم تقسيم کا سلسلہ شروع کیا گیا۔ بڑی تعداد میں عازمین حج پہلے دن فارم لے کر بھرتے ہوئے نظر آئے۔ اس سلسلہ میں گجرات حج کمیٹی کے سكریٹری عثمان پٹیل نے کہا کہ ہم نے اس سال آف لائن اور آن لائن دونوں طریقوں سے فارم بھرنے کی کارروائی شروع کی ہے۔ لیکن آن لائن فارم بھرنے پر زیادہ توجہ دی جائے گی ۔
تلنگانہ میں نائب وزیراعلی محمد محمود علی نے حج فارمس جاری کئے۔اس سلسلہ میں حج ہاؤس نامپلی حیدرآباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال تلنگانہ سے حج کے لئے 2800اور آندھراپردیش سے 2200افراد روانہ ہوئے تھے تاہم اس سال تلنگانہ کے کوٹہ میں اضافہ کے لئے وزیرخارجہ سے نمائندگی کی جائے گی کیونکہ متحدہ ریاست آندھراپردیش تقسیم ہوچکی ہے ۔اسی مناسبت سے تلنگانہ کو زیادہ کوٹہ ملنا چاہئے
آئندہ حج کے لئے عازمین کے لئے نقد رقم کے ساتھ ساتھ آن لائن، کریڈٹ / ڈیبٹ کارڈ سے درخواست فیس جمع کرنے کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ مسٹر نقوی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اس بار زیادہ سے زیادہ لوگ سفر حج کے لئے آن لائن درخواست داخل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی وزارت اور حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2017 کے لئے قبل از وقت تیاریاں شروع کر دی ہے تاکہ عازمین کو ان کے سفر میں کسی بھی طرح کی کوئی پریشانی نہ ہو۔
مسٹر نقوی نے کہا کہ ہم نے حج 2017 کے لئے ملک بھر سےموصولہ مختلف تجاویز کی بنیاد پر سعودی عرب کی حکومت اور حج سے متعلق ہندستان کی مختلف ایجنسیوں سے بات چت شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری ہوا بازی کی وزارت کے حکام سے بھی کہا گیا ہے کہ عازمین حج کو جدید سہولتوں سے لیس طیارے دستیاب کرائے جائیں۔