ہندوستانی عازمین حج کا بیت اللہ کے لئے سفر آج سے شروع ہو چکا ہے۔ پورے ملک سے آج تقریباَ 3000 لوگ حج کے لئے سعودی عرب روانہ ہو رہے ہیں۔ دلی کے اندراگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کے ٹرمنل دوم سے عازمین کا پہلا قافلہ سوئے حرم کے لئے روانہ ہو گیا ہے۔ روانگی سے قبل یہاں ایئر پورٹ پر ایک تقریب کا انتظام کیا گیا جس میں مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے بطور خاص شرکت کی۔
واضح رہے کہ اس سال مرکزی حج کمیٹی سے ایک لاکھ 28 ہزار 7 سو 2 عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔ ائیرپورٹ پر موجود دلی حج کمیٹی کے چئیرمین حاجی محمد اشراق، مرکزی حج کمیٹی کے رکن عرفان احمد اور دلی حج کمیٹی کے رکن فیروز احمد نے حج کے تمام انتظامات کو مکمل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے عازمین کا پوری طرح سے خیال رکھا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ عازمین حج کو کسی طرح کی کوئی پریشانی نہ ہو۔