وادئ کشمیر کے دس اضلاع اور خطہ چناب و پیرپنچال کے پانچ اضلاع میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کے دوران ہونے والی موسلادھار بارشوں سے درجنوں علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ وادی کے تمام اسکولوں اور کالجوں میں 9 اپریل تک تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ کشمیر یونیورسٹی اور اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں جمعرات کوہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں۔
جموں خطہ کے ضلع ریاسی کے ماہور علاقہ میں شدید بارشوں کی وجہ سے عبدالرحیم نامی ایک شخص کا مکان گرنے سے اُس کی قریب 40 بھیڑیں ہلاک ہوگئی ہیں۔ ادھر وادی میں دریائے جہلم میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے اور اس کی معاون ندی نالوں میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافے کے بعد انتظامیہ نے بیشتر خطرے والے علاقوں میں سیلاب کا الرٹ جاری کردیا ہے ۔