اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ اسلام کو حفاظتی ڈھال بنا کر دہشت گردی کا شیطانی کھیل کھیلنے والے عناصر اسلام اور انسانیت دونوں کے دشمن ہیں۔ مسٹر نقوی نے یہاں شام کے مفتی اعظم ڈاکٹر احمد بدرالدین حسون سے ملاقات میں کہا کہ مسلم کمیونٹی سمیت ہندوستان کے ہر طبقے نے ایسی شیطانی طاقتوں کے منصوبوں کو ناکام کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی ثقافت اور تہذیب امن اور بھائی چارے کے اقدار سےبھرپور ہے۔ حضرت امام حسین کا کربلا کے میدان میں دہشت گردی اور ظلم کے خلاف دیا گیا پیغام اسلام اور انسانیت کے لئے ہمیشہ بامعنی سبق کے طورپر یاد رکھا جائے گا۔ مسٹر نقوی نے کہا کہ اسلام نے ہمیشہ ہی دہشت گردی اور دیگر تمام اقسام کے تشدد کے خلاف پرزور آواز اٹھائی ہے اور انسانیت، بھائی چارے اور ہم آہنگی کا پیغام دیا ہے۔
دہشت گردی کے خلاف ملک کی پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان دہشت گردی کے خلاف ایک عالمی مہم میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اس کے خلاف 'زیرو ٹالرنیس' کی پالیسی کے تحت کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ القاعدہ اور آئی ایس آئی ایس جیسی دہشت گرد تنظیمیں ملک میں اپنی جڑیں جمانے میں پوری طرح ناکام رہی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ آئی ایس آئی ایس کے دہشت گردوں نے چند روز قبل مفتی حسون کے بیٹے کا قتل کر دیا تھا۔
دہشت گردی کو پوری دنیا کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے مفتی حسون نے کہا کہ ہندوستان کے اتحاد، بھائی چارہ اور
خیرسگالی کی روایت پوری دنیا کے لئے مثال اور قابل تقلید ہے۔ ہندوستان نے ہمیشہ ہی دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں
بڑا ہی اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان میں چل رہے ترقیاتی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے لوگوں نے دنیا بھر میں اپنا ایک الگ مقام بنایا ہے، خواہ وہ ٹیکنالوجی کا شعبہ ہو سائنس کا یا پھر زراعت کا میدا ن ہو ۔