یہاں پرگتی میدان میں جاری بین الاقوامی تجارتی میلے میں آج اقلیتوں کے روایتی ہنر، فن اور دستکاری پر مبنی ’’ہنرہاٹ‘‘ کا افتتاح کیا گیا۔ مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور (آزادانہ چارج) مختار عباس نقوی، مرکزی وزیر مملکت برائے قابل تجدید توانائی پیوش گوئل اور مرکزی وزیر مملکت برائے خارجہ ایم جے اکبر نے ربن کاٹ کر ہال نمبر14 میں اس ہنر ہاٹ کا افتتاح کیا، جو آئندہ 27 نومبر تک جاری رہے گا۔ ’ہنر ہاٹ‘ کا افتتاح کرتے ہوئے مسٹر نقوی نے کہا کہ یہ ’’ہنرہاٹ‘‘ اقلیتوں کے صدیوں پرانے اور روایتی ہنرکو فروغ دینے سے متعلق وزیراعظم نریندر مودی کی سوچ کی عکاسی ہے جس میں اقلیتی طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے ذریعے تیار کئے جانے والی مصنوعات کی نمائش کی جائے گی، جس کا مقصد ان مصنوعات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اسے عالمی مارکیٹ بھی فراہم کرانا ہے تاکہ ان ہنرمندوں کو روزگار کے محاذ پر مزید مضبوط کیا جاسکے۔
مرکزی وزیر برائے قابل تجدید توانائی پیوش گوئل نے کہا کہ وزارت اقلیتی امور نے اقلیتی طبقے کے لوگوں کے روایتی ہنرکو فروغ دینے کی غرض سے پہلی بار ہنر ہاٹ کا اہتمام کیا ہے جس میں شرکت کرنے والوں کو مفت اسٹال فراہم کرایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انہیں حکومت کی طرف سے آمد و رفت کا کرایہ بھی دیا جارہا ہے تاکہ اس وراثت کو فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے وزیراقلیتی امور مختار عباس نقوی سے درخواست کی کہ وہ اس طرح کے ہنر ہاٹ کا ملک کی مختلف ریاستوں اور شہروں میں بھی اہتمام کریں۔ تاکہ نئی نسل کو ان روایتی ہنروں اور وراثت سے واقف کرایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی نمائش سے ملک کی قومی ہم آہنگی کو بھی فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستانی دستکاری اور ہنر سے تیار کردہ مصنوعات کو پوری دنیا میں پسند کیا جاتا تھا لیکن ہندوستان پر قابض برطانوی حکومت کے ذریعہ اس ہنر کو کافی نقصان پہنچا تھا مگر مودی حکومت نے اس ہنر کو پھر سے فروغ دینے کا عہد کیا ہے جس سے ان مصنوعات کو پھر سے پوری دنیا میں ایک پلیٹ فارم ملنے کی توقع ہے۔
خیال رہے کہ وزارت اقلیتی امور کے تحت کام کرنے والی قومی اقلیتی ترقیاتی مالیاتی کارپوریشن نے پرگتی میدان میں واقع ہال نمبر 14 میں ’’ہنر ہاٹ‘‘ لگایا ہے جس میں ملک بھر سے آئے ہنرمندوں نے تقریباً 184 اسٹال لگائے ہیں، حکومت ہر اسٹال والے کو اپنی ریاستوں سے آنے کے لئے آمدورفت کا خرچ دینے کے ساتھ ساتھ انہیں روزانہ 1200 روپے کا بھتہ بھی دے رہی ہے۔ فائل فوٹو۔
اس ہنر ہاٹ میں مختلف ریاستوں میں اقلیتی طبقے کے ہنرمندوں کے ہاتھوں تیار کردہ مصنوعات کی نمائش کی گئی ہے جن میں کپڑے، زردوزی، زری ، پیتل کا ساز و سامان، بانس، جوٹ کا ساز و سامان، شیشے کی مصنوعات ، چوڑیاں اور گھریلو استعمال کی دیگر اشیا کی نمائش لگائی گئی ہے۔
’’ہنرہاٹ‘‘ میں بہت سے چیزیں موقع پر ہی تیار کرکے لوگوں کو دکھائی جارہی ہیں جو عام لوگوں کے لئے کشش کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ فائل فوٹو۔