یوپی میں لاک ڈاؤن کے دوران اوقاف کی جائیداد پر غیرقانونی قبضے کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔ ریاست میں اوقاف کے تحفظ کے لئے کام کرنے والی تنظیم ’’ یو پی قبرستان انتظامیہ کمیٹی ‘‘ نے یہ انکشاف کیا ہے ۔ قبرستان انتظامیہ کمیٹی نے اس کے لئے شیعہ اور سنی وقف بورڈوں کوبراہ راست ذمہ دار ٹھرایا ہے ۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ دونوں وقف بورڈ اوقاف پرغیر قانونی قبضے کے معاملے میں جان بوچھ کرخاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔
دریں اثناء الہ آباد ہائی کورٹ کے سینئرایڈو کیٹ اوروقف قوانین کے ماہر سید فرمان احمد نقوی نے بھی اس طرح کے معاملات میں اضافہ ہونے کی تصدیق کی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران زمین مافیا اور شر پسند عناصر نے مل کر موقع کا فائدہ اٹھایا ہے ۔ سید فرمان احمد نقوی نے شہر کی چھوٹی کربلا پر ہونے والے غیر قانونی قبضے کو لیکرالہ آباد زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس کو ذاتی طور سے درخواست لکھی ہے ۔ انہوں نے اپنی درخواست میں وقف جائیداد پر ہونے والے غیر قانونی قبضے کی تفصیل بھی دی ہے ۔
قبرستان انتطامیہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ ریاست کے دیگر اضلاع سے بھی اوقاف پرغیر قانونی قبضے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں ۔ لیکن وقف بورڈ اور نہ ہی مقامی پولیس ان تجاوزات کے خلاف کوئی قدم اٹھا رہی ہے ۔ قبرستان انتظامیہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ جس طرح سے اوقاف کی جائیداد میں خرد برد کی جارہی ہے، اس صورت حال مزید سنگین ہو گئی ہے ۔( تصاویر اور رپورٹ : مشتاق عامر ) ۔