وزیر اعظم مودی نے لونگے والا میں جوانوں کے ساتھ منائی دیولی ، ٹینک پر سوار ہوکر دکھائی طاقت
وزیر اعظم مودی اس سال فوج کے جوانوں کے ساتھ دیوالی منانے کیلئے راجستھان کے جیسلمیر میں واقع لونگے والا چوکی پہنچے ۔ اس دوران انہوں نے جوانوں کو دیوالی کی مبارکباد دینے کے علاوہ ان کے جذبے کو سلام کیا ۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے دیوالی کے موقع پر راجستھان میں واقع جیسلمیر پہنچے ۔ یہاں سے وہ سال 1971 کے جنگ میں مشہور ہوئے لونگے والا پوسٹ پہنچے ۔ اس دوران انہوں نے ٹینک کی بھی سواری کی ۔

وزیر اعظم نے ٹینک سے جوانوں کی حوصلہ افزائی کی ۔ بتادیں وزیر اعظم مودی سال 2014 کے بعد سے ہی دیوالی کے موقع پر جوانوں کے درمیان جاتے رہے ہیں ۔ اس مرتبہ بھی انہوں نے یہ روایت برقرار رکھی ۔

ٹینک پر سواری کرنے کے بعد وزیر اعظم نے جوانوں کے درمیان مٹھائی تقسیم کی ۔ اس دوران خاتون فوجی اہلکار بھی موجود رہیں ۔ بتایا گیا کہ اس پروگرام کے دوران کورونا پروٹوکول پر عمل کیا گیا ۔

اس سے پہلے وزیر اعظم نے لونگے والا چوکی پر جوانوں کو خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان کو آزمایا گیا تو بھرپور جواب ملے گا ۔

وزیراعظم نریندر مودی نے اشاروں اشاروں میں چین پر ایک مرتبہ پھر سخت جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’توسیع پسندی، ایک طرح سے ذہنی خرابی ہے اور اٹھارہویں صدر کی سوچ ہےاور نیا ہندوستان ’سخت جواب‘ دینے کا اہل ہے۔

وزیر اعظم مودی نے ملک کے جانباز فوجیوں کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ بھلے برفیلی پہاڑیوں پر رہیں یا پھر ریگستان میں، میری دیوالی تو آپ کے درمیان آکر ہی پوری ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے چہروں کی رونق دیکھتا ہوں، آپ کے چہرے کی خوشیاں دیکھتا ہوں، تو مجھے بھی دوگنی خوشی ہوتی ہے۔

اس دوران وزیراعظم کے ساتھ بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ڈائرکٹر جنرل راکیش استھانا، چیف آف ڈیفنس اسٹاف بیپن راوت اور فوجی سربراہ ایم ایم نروانے بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ آج ہندوستان کی حکمت عملی واضح اور صاف ہے۔ اس وقت کا ہندوستان سمجھنے اور سمجھانے کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے لیکن اگر ہمیں آزمانے کی کوشش ہوتی ہے تو جواب بھی اتنا سخت ملتا ہے۔

انہوں نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرحد پر رہ کر آپ جو قربانی پیش کرتے ہیں، وہ ملک میں اعتماد پیدا کرتا ہے۔ یہ یقین ہوتا ہے کہ مل کر بڑے سے بڑے چیلنج کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔