مرکز کے حلف نامہ میں ہندوستانی مسلمانوں کا پاکستان سے موازنہ ملک کی توہین : اسد الدین اویسی
مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ مرکز کے حلف نامہ میں ہندوستان کے مسلمانوں کا پاکستان سے موازنہ ملک کی توہین ہے ۔

مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ مرکز کے حلف نامہ میں ہندوستان کے مسلمانوں کا پاکستان سے موازنہ ملک کی توہین ہے ۔ اسد اویسی نے حیدرآباد میں منعقدہ احتجاجی جلسہ عام برائے تحفظ شریعت میں کہا کہ یکساں سیول کوڈ ملک کو ہندو راشٹر بنانے کی سازش ہے۔

طلاق ثلا ثہ کے مقدمہ میں مرکزی حکومت کے حلف نامہ کے خلاف احتجاج کے لئے حیدرآباد میں مسلمانوں کے مختلف مکا تب فکر سے تعلق رکھنے والے علما اور جماعتوں کے نمائندوں نے اس اجلاس عام میں شرکت کی ۔

اجلاس عام میں کثیر تعداد میں مسلمانوں نے شرکت کی اور مسلم پرسنل میں مداخلت کے خلاف اپنی آواز بلند کی۔

اس موقع پر سب نے متفقہ طور پر یکساں سول کوڈ کے نفاذ کے لئے مرکز کی کوششوں کی سختی سے مخالفت کی۔

اس موقع پر مسلمانوں کو یہ پیغام دیا گیا کہ وہ نہ صرف شریعت کی حفاظت بلکہ شریعت پرعمل کرنے کی سعی کریں ۔

انہوں نے کہا کہ اس میں ہندوستان کے مسلمانوں کا پاکستان سے تقابل نہ صرف ملک کے مسلمانوں بلکہ ملک اور ہماری جمہوریت کی توہین ہے ۔

اسد الدین اویسی نے مرکزی حکومت کی یکساں سول کوڈ کو متعارف کروانے کی کوشش کی بھی شدید تنقید کی ۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت مسلم خواتین سے ہمدردی رکھتی ہے ، تو وہ ذکیہ جعفری اور گجرات کی خواتین کی مدد کرے ، جن کی آنکھوں کے سامنے ان کے افراد خاندان کا قتل کیا گیا تھا ۔