تصاویر میں دیکھیں ایرانی صدر حسن روحانی کا حیدرآباد میں گنبدان قطب شاہی کا دورہ
صدر ایران حسن روحانی نے اپنے دورہ حیدرآباد کے دوسرے دن جمعہ کی صبح گنبدان قطب شاہی کا دورہ کیا اور مقابر کا معائنہ کیا۔

صدر ایران حسن روحانی نے اپنے دورہ حیدرآباد کے دوسرے دن جمعہ کی صبح گنبدان قطب شاہی کا دورہ کیا اور مقابر کا معائنہ کیا۔ یہ گنبدان ایرانی فن تعمیر کا شاہکار ہے۔ ان گنبدوں میں قطب شاہی حکمران مدفن ہیں۔

صدر ایران جمعہ کی صبح 9بجے گنبدان قطب شاہی پہنچے۔ ان گنبدوں کی تزئین نو اور بحالی کے پراجکٹ کا آغاز آغاخاں ٹرسٹ فار کلچر اور تلنگانہ حکومت کے محکمہ آرکیالوجی کے میوزیمس کے درمیان یادداشت مفاہمت کے ذریعہ ہوا تھا۔

آج حسن روحانی کے دورہ گنبدان قطب شاہی کے موقع پر تلنگانہ حکومت کے عہدیداروں کے علاوہ آغاخاں ٹرسٹ فار کلچر کے عہدیداروں نے روحانی کو ان گنبدوں کی تاریخی حیثیت کی تفصیلات سے واقف کروایا۔

قبل ازیں ڈاکٹر روحانی نے گزشتہ شب حیدرآباد میں جنوبی ہند کے علماء مشائخ اور معزز شخصیتوں کے ایک نمائندہ اجتماع سے خطاب کیا ۔

اپنے خطاب میں حسن روحانی نے کہا کہ ایران امن کا خواہاں ہے‘ صرف اسلامی ممالک ہی نہیں بلکہ اقوام عالم سے امن کامتقاضی ہے۔

ایران کا یہ ایقان ہے کہ جنگ ‘ تشدد اور ہتھیار مسائل کا حل نہیں ہیں ‘ بات چیت اور سفارتی کوششوں سے ہی مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔

عالم اسلام میں اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے مسلمانوں کا شیرازہ بکھر گیا ہے ۔مغربی ممالک نے مسلمانوں اور مسلم ممالک کو آپس میں تقسیم کردیا ہے۔

ایران تمام اسلامی ممالک میں اتحاد چاہتاہے اور یہ نہیں چاہتا کہ اسلامی ممالک میں آپس میں دوری برقرار رہے۔