لاک ڈاون میں بنگلورو کے ان مسلم نوجوانوں نے ایسے منائی عید ، ہر طرف ہورہی جم کر تعریف
عید کے موقع پر گفٹنگ سنہ کے ارکان نے کورونا کے مرض سے لوگوں کی حفاظت کیلئے ماسک کے پیکٹ بطور تحفہ تقسیم کئے ۔

ملک کے آئی ٹی شہر بنگلورو میں مسلم نوجوانوں کا ایک گروپ ہر سال منفرد انداز میں عید کی خوشیاں منارہا ہے ۔ اس گروپ کا نام ہے گفٹنگ سنہ ۔ سال 2018 میں قائم یہ گروپ عید سعید کے موقع پر پولیس اہلکاروں ، صفائی ملازمین ، بس ، آٹو اور ٹیکسی ڈرائیوروں ، ڈاکٹروں ، سرکاری کارندوں ، میڈیا کے نمائندوں میں مٹھائی کے ڈبے تقسیم کرتا ہے ۔ تاکہ عید کی خوشیوں میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو شامل کیا جاسکے ۔

سال 2018 بنگلورو میں گفٹنگ سنہ کے رضاکاروں نے بنگلورو شہر میں 4 ہزار مٹھائی کے ڈبے تقسیم کئے تھے۔ سال 2019 میں اس گروپ نے کرناٹک کے 20 شہروں میں 20 ہزار مٹھائی کے ڈبے تقسیم کئے۔ لیکن کورونا کی وبا اور لاک ڈاؤن کے درمیان منائی گئی سال 2020 کی عید کا تحفہ بھی حالات کی مناسبت سے تھا ۔

اس مرتبہ عید کے موقع پر گفٹنگ سنہ کے ارکان نے کورونا کے مرض سے لوگوں کی حفاظت کیلئے ماسک کے پیکٹ بطور تحفہ تقسیم کئے ۔

گفٹنگ سنہ کے رکن امین مدثر نے کہا کہ انہوں نے 30 ہزار معیاری ماسک جسے دوبارہ دھو کر استعمال کیا جاسکتا ہے، ریاست کے 5 شہروں میں تقسیم کئے ہیں ۔

اس گروپ کے ایک اور رکن تنویر احمد نے کہا کہ کسی کو تحفہ دینا حضور اقدس صلی اللہ علیہ و سلم کی پیاری سنت میں سے ہے۔ لہذا اس سنت کو فروغ دینے کیلئے گفٹنگ سنہ گروپ قائم کیا گیا۔ تحائف پیش کرنے کیلئے عید سے بہتر کوئی موقع نہیں ہوسکتا ۔

اس کار خیر سے وابستہ ہیومن ٹچ تنظیم کی صدر تزئین عمر نے کہا کہ گروپ کے ارکان زیادہ تر برادران وطن کو عید کا تحفہ پیش کرتے ہیں ۔ تحفہ حاصل کرنے کے بعد لوگ انتہائی خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہیں ۔

تزئین عمر کہتی ہیں کہ مذہب اسلام امن ، اتحاد ، بھائی چارہ ، پیار و محبت کا پیغام دیتا ہے ۔ عید کا تحفہ دیتے ہوئے اسلام کے اس پیغام خوش اسلوبی کے ساتھ عام کیا جاسکتا ہے۔ ( روف احمد ہلور کی رپورٹ ) ۔