بنگلورو۔ مسلسل بارش سے ملک کے آئی ٹی شہر بنگلورو میں بھی معمول کی زندگی متاثر ہوئی ہے۔ کل شام سے دیر رات تک یہاں بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ اس موسلادھار بارش سے شہر کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوا ہے۔ کل رات دو گھنٹے تک زبردست بارش شہر کے مختلف علاقوں میں دیکھنے کو ملی ہے۔ شہر کے چند علاقوں میں 100 ملی میٹر سے بھی زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ آر آر نگر میں 109 ملی میٹر بارش، ہمگی پورہ میں 107 ملی میٹر بارش، کنگیری میں 109 اور الال میں 105 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ باقی علاقوں میں 70 سے 100 ملی میٹر کے درمیان بارش ہوئی ہے۔
اس بارش سے زیادہ تباہی شہر کے ہوسکیرے ہلی اور دتاتریہ نگر میں ہوئی ہے۔ ان علاقوں میں گھروں میں بارش کے پانی کے گھسنے کی وجہ سے گھریلو اشیاء تباہ ہوئی ہیں۔ رات بھر لوگ نہ سوتے ہوئے اپنے اپنے گھروں سے پانی نکالنے میں مصروف رہے۔ گراونڈ فلور میں رہنے والے کئی لوگ اپنی اپنی عمارتوں کی چھتوں پر چلے گئے۔ ہوسکیرے ہلی میں گندے پانی کے ایک بڑے نالے کیلئے ترقیاتی کام جاری ہیں، زبردست بارش کے بعد اس نالے کے آس پاس موجود 350 سے زائد گھروں میں اچانک پانی گھس آیا اور کئی گھریلو اشیاء پانی میں بہتی ہوئی دکھائی دیں۔ اس علاقے میں ایک ماروتی کار بھی پانی میں بہہ کر جاتی ہوئی دکھائی دی۔
دتاتریہ نگر میں 300 سے زائد گھروں میں بارش کا پانی در آیا ہے۔ رات بھر یہاں کے لوگ بھی کافی پریشان رہے۔ متاثرہ علاقوں میں فائر بریگیڈ کا عملہ اور این ڈی آر ایف کی ٹیم چھوٹی چھوٹی کشتیوں کے ذریعہ لوگوں کی مدد کرتے ہوئے دکھائی دی۔کورمنگلا انڈور اسٹیڈیم میں بنائے گئے کووڈ کیئر سینٹر میں بارش کا پانی ٹھہرا ہوا ہے۔ اس سینٹر میں 150 سے زیادہ کورونا متاثرین زیر علاج ہیں اور سینٹر کے ایک حصہ میں پانی جمع ہونے سے مریضوں کو پریشان اٹھانی پڑ رہی ہے۔
اس کووڈ سینٹر کے مریض سرکاری افسروں پر لاپرواہی برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے غصہ کا اظہار کررہے ہیں۔ دوسری جانب شہر کا مشہور لال باغ تالاب میں تبدیل ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ یہاں دو سے تین فٹ تک پانی جمع ہوا ہے۔ آج صبح تک لال باغ سے ندی کی شکل میں پانی بہتا ہوا دکھائی دیا۔ فی الوقت شہر میں بارش رکی ہوئی ہے لیکن نشیبی علاقوں میں لوگ پریشان حال ہیں۔ گھروں، اپارٹمنٹ سے پانی نکالنے کی کوششیں کررہے ہیں۔
بنگلورو کے وزیر ریونیو آر اشوک اور بروہت بنگلورو مہانگر پالیکے کے کمشنر منجوناتھ پرساد نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیا ہے۔ دوسری جانب وزیر اعلی یدی یورپا نے اس مسئلہ پر ایک اہم میٹنگ طلب کی۔ اس میٹنگ میں ریاستی وزیر آر اشوک، بی بی ایم پی کے کمشنر منجوناتھ پرساد، بنگلورو سٹی پولیس کمشنر کمل پنتھ نے شرکت کی اور بارش سے ہوئی تباہی کی تفصیلات وزیر اعلٰی کو فراہم کیں۔ اس میٹنگ کے بعد وزیر اعلی یدی یورپا نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور بارش سے ہوئی تباہی، راحت اور بچاو کے کاموں کاجائزہ لیا۔ بارش کی وجہ سے نقصان اٹھانے والے فی خاندان کو 25 ہزار روپئے معاوضہ دینے کا وزیر اعلی نے اعلان کیا۔