بھوپال : مدھیہ پردیش میں کورونا قہر میں اسپتالوں میں طبی سہولیات کا فقدان صاف نظر آنے لگا ہے ۔ اسپتالوں میں طبی سہولیات کا فقدان ، آکسیجن اور ریمڈیسور انجیکشن کی کمی کے چلتے جہاں راجدھانی بھوپال اور اندور کے بہت سے اسپتالوں نے کورونا کے نئے مریضوں کو داخل کرنے سے منع کر دیا ہے ۔ ویسے میں بھوپال ریلوے نے کورونا مریضوں کے علاج کو لیکر ایک بڑی پہل کی ہے۔ (تصویر اور رپورٹ : ڈاکٹر مہتاب عالم) ۔
پربھا کر تیواری سی ایم ایچ او ریلوے بتاتے ہیں کہ کورونا مریضوں کے علاج کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے ریلوے کے ذریعہ کووڈ کیئر سینٹر تیار کیا گیا ہے ۔ ریلوے کے آئیسولیشن کوچ کا ہم لوگوں نے جائزہ لیا ہے ۔ جیساکہ آپ کو معلوم ہے کہ بھوپال میں کورونا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ، اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے ریلوے کے ذریعہ آئسولیشن کا خصوصی کوچ تیار کیا گیا ہے۔
ریلوے کے آئیسولیشن کوچ میں مریضوں کے رہنے ، کھانے پینے کا انتظام ریلوے کے ذریعہ کیا جائے گا ۔ جبکہ بھوپال نگر نگم کے ذریعہ اس میں صفائی میں تعاون کیا جائے گا۔ چوبیس گھنٹے ریلوے کوچ میں ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف موجود رہیں گے۔ اگر یہاں پر کسی مریض کی طبعیت زیادہ خراب ہوتی ہے تو اسے یہاں کے شاکر علی خان اسپتال میں علاج دیا جائے گا اور حمیدیہ اسپتال کی بھی خدمات لی جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ بھوپال کے عوام اس کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں گے ۔ اگر بھوپال کے عوام کو ریلوے کا یہ انتظام پسند آتا ہے تو مستقبل میں حبیب گنج اسٹیشن پر بھی ریلوے کا خصوصی آئسولیشن کوچ تیار کیا جائے گا ۔ یہ انتظامات کل سے شروع ہوجائیں گے اور ہم سب دعا کریں کہ یہ وبائی بیماری جلد سے جلد ختم ہو اور کسی کو یہاں آنے کی ضرورت نہ پڑے ۔