مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور (آزادانہ چارج) و پارلیمانی امور مختار عباس نقوی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے اجمیر شریف میں خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر چادر چڑھائی اور ملک کی ترقی اور ہر طبقے کی خوشحالی کی دعا مانگی۔ مسٹر نقوی نے وزیر اعظم مسٹر مودی کا خیر سگالی پیغام بھی پڑھ کر سنایا جس میں وزیراعظم نےخواجہ معین الدین چشتی کے 805 ویں سالانہ عرس کے موقع پر ہندستان اور پوری دنیا میں ان کے پیروکاروں کو مبارک باد پیش کی۔
وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواجہ معین الدین چشتی کے سالانہ عرس کے موقع پر، دنیا بھر میں ان کے پیروکاروں کو نیک خواہشات اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ خواجہ معین الدین چشتی، ہندستان کی عظیم روحانی روایت کی علامت ہیں۔ غریب نواز نے انسانیت کی خدمات کی جو مثال پیش کی ہے ، وہ یقیناً آنے والی نسلوں کو ان کی تعلیمات پر چلنے کی ترغیب دیتی رہے گی۔
وزیر اعظم مودی کی طرف سے درگاہ پر چڑھانے کے لئے بھیجی گئی چادر کا سماج کے ہر طبقے کے لوگوں نے پورے جوش و جذبے کے ساتھ خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر مسٹر نقوی نے کہا کہ ہندستان پوری دنیا کے لئے سماجی و ثقافتی ہم آہنگی اور اتحاد کی مثال ہے۔ ہمیں ہر حال میں قومی ہم آہنگی اور اتحاد کی اپنی اس سماجی بنیاد کو مزید مضبوط کرنا ہوگا۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے) حکومت کے اصل فلسفہ ملک میں ترقی ، عوام کے درمیان اعتماد قائم کرنا اور برقرار رکھنا ہے اور سب کا ساتھ، سب کا وکاس کے اصولوں پر چلنا ہے۔ مسٹر نقوی نے کہا کہ خواجہ معین الدین چشتی کا پیغام "عالمی امن کےکئے انتہائی مؤثر پیغام ہے۔ خواجہ صاحب کا یہ پیغام انسانی اقدار کی حفاظت اور دہشت گرد-شیطانی طاقتوں کے منصوبوں کو شکست دینے کا مضبوط ہتھیار ہے۔ فائل فوٹو۔