اردو صحافت کے دو سو سال مکمل ہونے پر ممبئی میں دو روزہ سیمینار کا انعقاد: دیکھیں تصاویر

اردو صحافت نے دو سو سال مکمل کرلئے ہیں۔ اردو صحافت کے کامیاب سفرکو عوام تک پہچانے کیلئے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کی جانب سے ممبئی میں دوروزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔

سیمینار کے افتتاحی اجلاس میں مہاراشٹر کے گورنر ویدیا ساگر راؤ اورمہاراشٹر اسمبلی کے اسپیکر ہری بھاؤ باگڑے نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

مہاراشٹر کے گورنر نے اردو زبان کی شیرینی کا اعتراف کرتے ہوئے جنگ آزادی میں اردو صحافت کے اہم ترین رول کا ذکر کیا۔

مہاراشٹر کے گورنر ویدیا ساگر راؤ نے کہا کہ جنگ آزادی میں اردو صحافت کے اہم رول کو اجاگر کرنے اور اسکول اور کالج کے نصاب میں خصوصی اسباق کو شامل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو اخبارات نے 1857 کی جنگ آزادی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

گورنر ویدیا ساگر راؤ این سی پی یو ایل کے اردو صحافت کے دو سو سال مکمل ہونے پر منعقدہ سیمینار کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔

قومی کونسل کے سیمینار میں اردو صحافت کے دو سو سالہ سفر پر منعقد پروگرام میں اردو صحافت کا ماضی، حال اور مستقبل کے علاوہ اردو صحافت کے مسائل اور ان کے سد باب پر بھی بات ہوئی۔

اس موقع پر قومی کونسل نے اردو زبان میں الیکٹرانک میڈیا کو متعارف کروانے کیلئے نئے کورس کا اعلان کیا ۔

کونسل کے ڈائریکٹر پروفیسر ارتضیٰ کریم نے کہا کہ اردو اخبارات کے فروغ اور اس کی ترقی سے متعلق سیمینار میں دئیے گئے مشوروں کو مرکزی حکومت تک پہنچایا جائیگا تاکہ اردو صحافت کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم ٓاہنگ کیا جا سکے۔