پاکستان کی نئی رن مشین بابراعظم کی خواہش کرکٹ کے میدان میں وراٹ کوہلی کی 'عظمت' کی برابری کرنا ہے۔ حالانکہ ریکارڈوں کے معاملے میں وہ ابھی ہندوستانی کپتان سے کافی پیچھے ہیں۔ خود کو کوہلی کا مداح بتانے والے 24 سال کے بابر اعظم نے پی ٹی آئی کو دیئے انٹرویو میں بتایا کہ اس کی خواہش ٹسٹ اور یک روزہ رینکنگ میں دنیا کے نمبرایک بلے باز کی برابری کرنا ہے۔
بابراعظم نےکہا، 'دیکھئے وراٹ کوہلی پہلے ہی بہت کچھ حاصل کرچکے ہیں۔ وہ اپنے ملک میں ایک عظیم کھلاڑی ہیں۔ ایمانداری سے کہوں توابھی ان سے میرا کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا، لیکن میں بھی وہاں پہنچنا چاہتا ہوں، جہاں وہ آج ہیں'۔ انہوں نے کہا 'میڈیا اور لوگوں نے میری اورکوہلی کا کافی موازنہ کیا ہے، لیکن مجھے اس بات کا احساس ہے کہ دنیا کے ٹاپ کھلاڑیوں میں شامل ہونے کے لئے ٹسٹ میچوں میں کافی رن بنانے ہوں گے۔ اس لئے حال کے دنوں میں میں نے ٹسٹ کرکٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی کرنے پرخصوصی توجہ دی'۔
سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میں ناٹ آؤٹ سنچری اننگ کھیلنے والے اس بلے باز نے کہا کہ وہ وراٹ کوہلی کی طرح میچ فاتح کھلاڑی بننا چاہتے ہیں۔ بابر اعظم کی یہ گزشتہ تین ٹسٹ میں سنچری تھی، انہوں نے کہا 'اگر کوئی میرا موازنہ وراٹ کوہلی یا اسٹیو اسمتھ سے کرتا ہے تومیں دباؤ میں نہیں آتا ہوں، میں اب اپنی بلے بازی پرکافی دھیان دیتا ہوں اور گھنٹوں تک میں اپنی بلے بازی کے ویڈیو دیکھتا ہوں۔ میں اپنی غلطیوں کی پہچان کرکے یہ یقینی کرنے کی کوشش کرتا ہوں کہ انہیں دوہرایا نہ جائے'۔ تصویر: اے پی
آسٹریلیا دورے پردوٹسٹ میچوں میں ایک سنچری اورایک 97 رن کی اننگ کھیلنے والے بابراعظم نےکہا کہ کھیل کا ٹسٹ فارمیٹ ان کے لئےسب سے مشکل ہے۔ انہوں نےکہا، 'جب میں برسبین میں پہلی اننگ میں خراب شاٹ کھیل کرآؤٹ ہوگیا، تومیں خود سے بہت ناراض ہوا تھا کیونکہ مجھے احساس ہوا کہ کسی بھی ٹاپ بلے بازکو اس طرح سے آؤٹ نہیں ہونا چاہئے۔ دوسری اننگ میں میں دھیان سے کھیلا اوراس کا فائدہ ہوا۔ میرا فطری کھیل حالانکہ اسٹروک لگانا ہے'۔
بابراعظم نےکہا، 'میں ٹسٹ کرکٹ میں ترپل سنچری لگانا چاہتا ہوں۔ آپ کو اپنے ہدف مقررکرنے ہوتےہیں، جیسے کی سبھی بہترین کھلاڑی کرتے ہیں۔ میں نے ٹسٹ کرکٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی کرنے کا ہدف بنایا ہے'۔ ٹی -20 میں 50 اوریک روزہ میچوں میں 54 کی اوسط رکھنے والے بابراعظم کا ٹسٹ میں 39 رن کا اوسط ہے۔ واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں سنچری لگانے کے بعد بابراعظم پہلی بارٹسٹ میں ٹاپ 10 بلے بازوں میں آگئے ہیں۔ ان کی ٹسٹ رینکنگ 9 ہے۔