جمعہ کو پاکستان کے کپتان سرفرازاحمد کو بڑا جھٹکا لگا۔ ان کی کپتانی کے ساتھ ساتھ پی سی بی نے انہیں پاکستانی ٹیم سے بھی نکال دیا۔ آسٹریلیا دورے کے لئے منتخب کی گئی ٹیم میں سرفراز احمد نہیں تھے اور ان کی ٹی -20 کپتانی اورٹسٹ کپتانی بھی چھین لی گئی۔ ان سب کے درمیان خبرآئی کہ سرفراز احمد جلد ہی کرکٹ کو الوداع کہہ سکتے ہیں، لیکن ان سب خبروں کو ان کی بیوی نے سرے سے مسترد کردیا ہے۔
سرفراز احمد کی بیوی نے اپنے شوہر کے ریٹائرمنٹ کی خبروں کوغلط بتاتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیم میں زبردست واپسی کریں گے۔ سرفرازاحمد کی بیوی نے ایم ایس دھونی کا نام لے کر اپنے شوہرکا بچاؤ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر 38 سال کے ہونے کے باوجود دھونی نے ریٹائرمنٹ نہیں لیا ہے تو سرفراز کیسے لیں گے۔ سرفرازاحمد کی اہلیہ نے کہا 'ہمیں سرفرازاحمد کے ہٹائے جانے کا تین دن پہلے علم تھا۔ یہ ان کے سفرکا خاتمہ نہیں ہے۔ اب وہ بغیر دباؤ کے کھیل پائیں گے۔ وہ ابھی ریٹائرکیوں ہوں گے؟ وہ ابھی محض 32 سال کے ہیں۔ دھونی کتنے سال کے ہیں؟ کیا وہ ریٹائر ہوگئے ہیں؟ ( فوٹو: اے پی ) ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے برخاست کئے گئے کپتان سرفراز احمد کو سبھی تینوں فارمیٹ میں کپتانی چھوڑ کر باعزت طریقے سے جانے کا مشورہ دیا تھا، لیکن اس وکٹ کیپر بلے باز نے اس مشورہ کو مسترد کردیا۔ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفرازاحمد جب بورڈ کے سی ای او وسیم خان سے جمعہ کو ملے تو انہیں عہدہ چھوڑنے کو کہا گیا۔ وہ 2017 سے تینوں فارمیٹ کے قومی ٹیم کپتان تھے۔
پی سی بی ذرائع نے کہا کہ سرفرازاحمد نے ایسا کرنے سے واضح طورپرانکار کردیا اوروسیم خان سے کہا کہ بورڈ اگر چاہتا ہے تو انہیں برخاست کرسکتا ہے، لیکن وہ خود عہدہ نہیں چھوڑیں گے۔ ذرائع نے ساتھ ہی کہا کہ سرفراز احمد آسٹریلیا دورہ پر پاکستان کی ٹی -20 اور ٹسٹ ٹیم کا بھی حصہ نہیں ہوں گے کیونکہ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے اب وکٹ کیپر بلے بازمحمد رضوان کو موقع دینےکا فیصلہ کیا ہے۔