ہندوستانی کرکٹ کے جمبو کہے جانے والے انل کمبلے جمعرات کو 49 سال کے ہوگئے۔ ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ انل کمبلے نے اپنی گیند بازی سے نہ صرف کئی ریکارڈ توڑے بلکہ یہ خیال بھی تبدیل کر دیا کہ لیگ اسپنر بغیر گیند گھمائے زیادہ وکٹ حاصل نہیں کر سکتے۔ کمبلے نے اپنے کیریئرمیں 619 ٹسٹ وکٹ حاصل کئے۔ انل کمبلے فی الحال انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم کنگس الیون پنجاب کے ہیڈ کوچ ہیں، وہ حال ہی میں اس عہدے پر نامزد کئے گئے ہیں۔
پاکستان اورہندوستان کے درمیان دہلی میں کھیلے گئے ٹسٹ میچ میں انل کمبلے نے اننگ کے سبھی 10 وکٹ لے کرتاریخ رقم کردی تھی۔ کوٹلہ ٹسٹ میں ٹیم انڈیا نے پاکستان کو 420 رنوں کا ہدف دیا تھا۔ ہدف حاصل کرنے اتری پاکستانی ٹیم کی شروعات اچھی رہی اورسلامی بلے بازسعید انوراور شاہد آفریدی نے سنچری شراکت بھی کر لی تھی۔ حالانکہ اس کے بعد انل کمبلے نے سب سے پہلے شاہد آفریدی کو 41 رن پر آؤٹ کیا۔
اس کے بعد انہوں نے اعجاز احمد کو بھی پہلی ہی گیند پرپویلین کی راہ دکھا دی۔ انضمام الحق، محمد یوسف، معین خان، سعید انور اورسلیم ملک بھی انل کمبلے کی 'گگلی' کا شکارہوگئے۔ آخر میں کمبلے نے پاکستان کے کپتان وسیم اکرم کوپویلین لوٹا کرسبھی 10 وکٹ اپنے نام کرلئے۔ کمبلے کے دم پرپاکستان کی ٹیم 207 رنوں پرڈھیر ہوگئی تھی اورٹیم انڈیا کو 212 رن سے جیت حاصل ہوئی تھی۔ کمبلے نے 2008 میں اپنے ٹسٹ کیریئرکا آخری میچ بھی اسی میدان پرکھیلا۔
انل کمبلے نے اپنے کیریئر میں کئی یادگاراسپیل ڈالے، جس نے انہیں عظیم گیند باز کے طور پر متعارف کرایا۔ پاکستان کے خلاف 10 وکٹ حاصل کرنے کا ان کا نایاب ریکارڈ بھی اسی میں شامل ہے۔ انل کمبلے نے 7 فروری 1999 کو دہلی کے فیروزشاہ کوٹلہ میدان پرپاکستان کے خلاف ایک ایک اننگ میں سبھی 10 وکٹ لینے کا کارنامہ انجام دیا تھا۔
انل کملبے ہندوستان کے سب سے کامیاب گیند بازہیں۔ انہوں نے ٹسٹ کی ایک اننگ میں سبھی 10 وکٹ لینے والے دوسرے گیند بازتھے۔ ان سے پہلے 1956 میں انگلینڈ کےآف اسپنرجم لیکرنے آسٹریلیا کے خلاف ایک اننگ میں 10 وکٹ لینے کا کارنامہ کیا تھا۔ جم لیکرنے اس میچ میں کل 19 وکٹ اپنے نام کئے تھے۔ اس کے بعد انل کمبلے نے یہ کارنامہ انجام دیا۔ انل کمبلے نے ہندوستان کے لئے 132 ٹسٹ کھیلے، جس میں انہوں نے 619 وکٹ لئے۔ وہ ہندوستان کے سب سے کامیاب گیند باز ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے ٹیم انڈیا کے لئے 271 ونڈے میچ کھیل کر337 وکٹ بھی حاصل کئے۔